پسماندہ ضلع نلگنڈہ کو ترقی دینے کیلئے خصوصی منصو بہ، پریس کانفرنس سے ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کا خطاب
نلگنڈہ ۔21جولائی ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت ریاست میں مسلمانوں کی پسماندگی کو دور کرنے سنجیدہ ہے اور تمام شعبوں میں 12فیصد تحفظات فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے ۔ کروڑہا روپئے کی اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے حکومت وقف بورڈ کو قانونی اختیارات دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ضلع کی پسماندگی کو مرحلے وار طور پر دور کیا جائے گا ‘ یہ بات ریاست تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج اپنے دورہ نلگنڈہ کے موقع پر آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤز میں اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد عوام کی تائید سے ٹی آر ایس کو اقتدار حاصل ہوا ہے ۔ اقتدار پر فائز ہوتے ہی چیف منسٹر نے سماج کے تمام طبقات کی یکساں ترقی کے اپنے وعدے و تیقنات کو مکمل کرنے کے اقدامات کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات فراہم کرنے کیلئے کابینہ میں منظوری حاصل ہوئی اور کمیشن کی رپورٹ کے بعد عمل آوری کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں کروڑہا روپئے کی اوقافی جائیدادوں پر ناجائز قابضین کے قبضہ میں ہیں ‘ حکومت ان تمام جائیدادوں کو دوبارہ وقف بورڈ کے حوالے کروائے گی ۔ بہرصورت میں تلنگانہ ریاست میں اوقافی جائیدادوں کا مکمل تحفظ کیا جائے گا جس کیلئے حکومت نے وقف بورڈ کو قانونی اختیارات فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے پسماندہ اضلاع کی ترقی کیلئے متعلقہ عہدیداروں سے بات چیت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا ۔ ضلع نلگنڈہ تلنگانہ کا پسماندہ ضلع ہے ۔ ضلع کی ترقی سے متعلق ضلع کلکٹر سے بات چیت کی گئی ہے ۔ ضلع کے تمام مسائل کی یکسوئی اور ترقی یافتہ بنانے کیلئے مرحلے وار طور پر اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے موقع پر حکومت نے 250کروڑ روپئے مساجد کی مرمت و آہکپاشی کرنے کے لئے منظور کی ہے ۔ ضلع نلگنڈہ کو مساجد کی مرمت کیلئے حکومت نے 50لاکھ روپئے منظور کئے ہیں تاکہ مسلمانوں کو بہتر سہولیات فراہم ہو ۔ ریاست میں پہلی دفعہ چیف منسٹر نے لال دروازہ کی مند کا دورہ کیا ہے ۔ انہوں نے عوام سے رمضان بونال اور دسہرہ تہوار کو مل جل کر مناتے ہوئے ایک مثالی تہوار بنانے کی خواہش کی ۔ قبل ازیں ڈپٹی چیف منسٹر نلگنڈہ پہنچنے پر ضلع کلکٹر نلگنڈہ مسٹر ٹی چرنجیلو ‘ ضلع ایس پی ڈاکٹر پربھاکر راؤ ‘ جوائنٹ کلکٹر نلگنڈہ ہری جواہر لعل نے استقبال کیا اور ضلع کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر سے یونانی میڈیکل اسوسی ایشن قائد ڈاکٹر اے اے خان ‘ اساتذہ تنظیم قائدین حبیب محمد ‘ غفور ‘ شاہین طیب ‘ خواجہ غوث محی الدین ہاشم و دیگر نے ملاقات کرتے ہوئے یادداشتیں پیش کی ۔ بعد از ڈپٹی چیف منسٹر نے دامن کوہ شمالی پہنچ کر فاتحہ خوانی کی اور ٹی آر ایس قائدین کی جانب سے منعقدہ دعوت افطار ایس آر گارڈن پہنچ کر شرکت کی ۔ اس موقع پر ٹی آر ایس ضلع صدر سید فرید الدین ‘ نرنجن ولی ‘ رحمت اللہ جمال ‘ امتیاز ‘ ممتاز علی ‘ عزیز الدین بشیر ‘ ڈی نرسمہا ریڈی ‘ ریاستی وزیر تعلیم مسٹر جگدیشور ریڈی ‘ ارکان اسمبلی مسرز ویریشم ‘ پربھاکر ریڈی ‘ ٹی آر ایس قائد ڈی نرسمہا ریڈی اور بیورو چیف روزنامہ ’’سیاست ‘‘ شہاب الدین ہاشمی موجود تھے ۔