مسلمانوں کو تحفظات کی فراہمی کیلئے چیف منسٹر کے بیان کا خیر مقدم

پسماندگی کو بنیاد بناکر قدم اٹھانے ، خالد رسول خاں کا مطالبہ
حیدرآباد۔29مارچ(سیاست نیوز)ریاست تلنگانہ میںپسماندگی کی بنیاد پر مسلمانوں کو تحفظات کی فراہمی کے متعلق چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کل ہند مسلم سنگم کے صدر جناب خالد رسول خان نے کہاکہ مختلف حکومتوں کی جانب سے تشکیل دئے گئے کمیشن او رکمیٹیو ںکی رپورٹ نے ثابت کردیا ہے کہ مسلمانوں کی حالت دلت او ردیگر پچھڑے طبقات سے خراب ہے اور مسلمانوں کی حالت زار میںسدھار کے لئے پسماندگی کو بنیاد بنا کر قدم اٹھانا گویا مسلمانوں کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کرنا ہے۔ جناب خالد رسول خان نے کہاکہ تلنگانہ میںمسلمانوںپچھلے65سالوں سے نذر انداز کیاجارہا ہے ۔ انہو ںنے کہاکہ سیاسی جماعتیں مسلمانوں سے وعدہ تو کرتے ہیں مگر مسلمانوں کے ووٹ حاصل کرنے کے بعد انہیں نذر انداز کردیاجاتا ہے ۔ جناب خالد رسول خان نے کہاکہ پہلی بار کسی چیف منسٹر نے تلنگانہ کے مسلمانو ںکی فلاح وبہبود کے لئے ٹھوس اقدامات کی پہل کی جس کی ستائش ہماری ذمہ داری ہوگی۔جناب خالد رسول خا ن نے کہاکہ مذہب کی بنیاد پر تحفظات کی فراہمی کے متعلق بی جے پی کا موقف سراسر غلط ہے۔ انہو ںنے کہاکہ جب مذہب کی بنیاد پر آزادی سے لیکر آج تک مسلم تحفظات کے مسلئے کو نذر انداز کیاجاتا رہا ہے تومذہب کی بنیاد پر تحفظات مسلمانوں کو کیوں نہیںملنے چاہئے۔ انہوںنے اس موقع پر مثال پیش کرتے ہوئے کہاکہ جب غیر مسلم دھوبی او رحجام کو تحفظات فراہم کئے جاتے ہیںمگر اسی پیشے سے وابستہ مسلمانوں کو تحفظا ت کے ثمر سے محروم رکھا گیا ہے ۔ جنا ب خالد رسول خان نے حکومتوں کے اس اقدام کو جمہوری کے کھلواڑ قراردیاہے۔انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ ٹی آر ایس حکومت اپنی سکیولر اقدار کی حفاظت اور ڈیموکرسی کے نفاذ کے لئے تلنگانہ ریاست میں پچھلے 65سالوں سے نذر انداز کئے جانے والے مسلمانوں حسب وعدہ بارہ فیصد تحفظات فراہم کرے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت تلنگانہ کا یہ اقدام ریاست تلنگانہ میں پارٹی کے موقف کو لازوال بنانے کی ضمانت ہوگا۔
موتیا کا مفت آپریشن
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( راست ) : چیرمین یونیورسل ایجوکیشنل ٹرسٹ کے بموجب محمود گلشن فنکشن ہال بہادر پورہ میں موتیا کا مفت آپریشن 30 مارچ صبح 8 بجے سے 1 بجے دن تک تجربہ کار ڈاکٹرس کی نگرانی میں مقرر ہے ۔ آتے وقت آدھار کارڈ کا زیراکس لائیں ۔ تفصیلات کے لیے 9985494124 ۔ 65244511 پر ربط کریں ۔۔