کولکتہ ۔ 5 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بدایوں دھماکہ کیس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مرکزی انٹلیجنس ایجنسیاں اور مرکزی وزارت داخلہ مسلمانوں کے خلاف ناپاک سازش کرتے ہوئے انہیں بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ جمیعت العلمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا مقصود مدنی نے آج الزام عائد کیا کہ بدایوں دھماکہ کیس کے سلسلہ میں حکومت صرف مسلمانوں کو بدنام کرنے کی کوشش کرر ہی ہے۔ اگر اس کیس میں کوئی فرد خاطی ہو تو اسے سزا دی جانی چاہئے لیکن پورے طبقہ کو بدنام کرنا اور اس کا تعاقب کرنا سراسر غلط ہے۔ مدرسوں پر دھاوے کئے جارہے ہیںاور پورے طبقہ کیلئے مسائل پیدا کئے جارہے ہیں۔ مولانا مدنی نے کہا کہ بدایوں کیس کو لیکر مرکزی ایجنسیاں اور وزارت داخلہ جو کچھ کر رہی ہے، یہ غلط ہے۔ جب ایسی سرگرمیاں ہوتی ہیں تو مدرسوں میں کوئی غیر قانونی کام ہوتا ہو تو اسے ثابت کیا جائے، ہم حکومت کا مکمل تعاون کریں گے ۔ مغربی بنگال اور سارے ہندوستان میں قائم مدرسے عوام الناس کی بہبود کیلئے کام کر رہے ہیں۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی نے جو بدایوں دھماکہ کیس کی تحقیقات کر رہی ہے، القاعدہ اور جمیعت المجاہدین کے دہشت گردوں سے ان مدرسوں کے طلباء کو مربوط کر کے انہیں ہراساں کیا جارہا ہے۔ پورے طبقہ کو بدنام کرنے کیلئے یہ ایک گہری سازش ہے۔