ٹی آر ایس کی تلنگانہ حکومت پر تنقید ، صدر تلنگانہ پی سی سی کیپٹن اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے وعدے کے مطابق مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کئے بغیر سرکاری ملازمتوں میں تقررات کے لیے بڑے پیمانے پر اعلامیہ جاری کرنے کا ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا ۔ مجلس کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کیا ۔ 3 تا 7 جنوری تک گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی حکمت عملی تیار کرنے کا اعلان کیا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ملو بٹی وکرامارک بھی موجود تھے ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے عوام کو میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں عوام کو گمراہ کرنے کے لیے کئی طبقات کے لیے سبسیڈی کے علاوہ دوسرے رعایتی اقدامات کرتے ہوئے انہیں دھوکہ دیا جارہا ہے ۔ ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور میں مسلمانوں کو 12 فیصد مسلم تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ایک جلسہ عام میں کے سی آر نے اقتدار حاصل ہونے کے صرف 4 ماہ میں مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔ ٹی آر ایس حکومت کے 19 ماہ مکمل ہوچکے ہیں مگر مسلمانوں سے کیا گیا وعدہ پورا نہیں کیا گیا مسلمانوں کے لیے تعلیمی سال ضائع ہوچکا ہے ۔ حکومت سرکاری ملازمتوں میں تقررات کے لیے بڑے پیمانے پر اعلامیہ جاری کررہی ہے ۔ اپنے آپ کو مسلمانوں کی جماعت قرار دینے والی مجلس خاموش تماشہ دیکھ رہی ہے ۔ حکومت سے سوال پوچھنے کی جرات نہیں کررہی ہے ۔ مجلس اور ٹی آر ایس کے درمیان خفیہ معاہدہ طئے پایا ہے ۔ جس کی وجہ سے مجلس حکومت سے کوئی سوال نہیں کررہی ہے ۔ ٹی آر ایس نے وقف جائیدادوں کے ناجائز قبضوں کو برخاست کرتے ہوئے قیمتی اراضیات وقف بورڈ کے حوالے کرنے کا وعدہ کیا تھا ایک ایکڑ اراضی بھی وقف بورڈ کے حوالے نہیں کی گئی ۔ بلکہ ٹی آر ایس نے جن پر وقف اراضیات پر قبضہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ اس سے ہی دوستی کرلی ہے ۔ وقف بورڈ کو قانونی اختیارات دینے میں ناکام ہونے والی حکومت وقف بورڈ بھی تشکیل نہیں دے پائی ہے ۔ وقار الدین اور ان کے ساتھیوں کا آلیر میں بے رحمانہ انکاونٹر کیا گیا ۔ اس کی تحقیقاتی رپورٹ آج تک منظر عام پر نہیں لائی گئی ۔ مسلمانوں سے نا انصافیوں کا مجلس خاموش رہ کر تماشہ دیکھ رہی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کے مسلمان ٹی آر ایس اور مجلس دونوں کو سبق سکھائے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ 3 جنوری کو گاندھی بھون میں الیکشن کنٹرول روم قائم کرتے ہوئے مقابلہ کرنے والے امیدواروں سے درخواستیں وصول کی جائیں گی ۔ 5 جنوری کو 24 اسمبلی حلقوں کے ہیڈکوارٹرس پر اجلاس طلب کرتے ہوئے امیدواروں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ 6 جنوری کو ڈیویژن سطح پر بوتھس کمیٹیوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیے جائیں گے ۔ 7 جنوری سے کانگریس پارٹی انتخابی مہم کا آغاز کرے گی ۔ جی ایچ ایم سی انتخابات کا اعلامیہ جاری ہونے کے اندرون 4 تا 5 یوم پارٹی امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا ۔ گریٹر حیدرآباد کی رابطہ کمیٹی امیدواروں کے ناموں کی سفارش کرے گی ۔ 4 رکنی اپیکس کمیٹی جس میں وہ ( اتم کمار ریڈی ) ملو بٹی وکرامارک کے علاوہ دونوں اپوزیشن قائدین مسٹر کے جانا ریڈی مسٹر محمد علی شبیر امیدواروں کی فہرست کو قطعیت دیں گے ۔۔