کل ہند مسلم سنگم کے قائدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔6مارچ(سیاست نیوز) کل ہند مسلم سنگھم نے مجوزہ عام انتخابات میں مسلمانوں کو آبادی کی مناسبت سے تحفظات فراہم کرنے کا علاقہ تلنگانہ کی تمام علاقائی اور قومی جماعتوں سے مطالبہ کیا۔ آج یہاں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر جناب خالدر سول خان نے کہاکہ بارہ فیصد کے حساب سے تمام علاقائی اور قومی جماعتیں بیس مسلمانوں کو اپنا امیدوار بنائیںانہو ںنے مزید کہاکہ اسی طرح پانچ مسلمانوں کو پارلیمنٹ کا امیدوار بنانے کی ذمہ داری بھی تلنگانہ کی قومی او رعلاقائی جماعتوں پر عائد ہوتی ہے۔جناب خالد رسول خان نے اس موقع پر محبوب نگر اور نظام آباد کے ضمنی انتخابات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے مسلمانوں کو امیدوار تو بنایا جاتا ہے
مگر ان کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے پارٹیاں ٹھوس اقدام نہیںاٹھاتی۔ انہوں نے کہاکہ عنقریب کل ہند مسلم سنگھم کا وفد ٹی آر ایس ‘ کانگریس‘تلگودیشم‘ وائی ایس آر سی پی‘ کے علاوہ دیگر علاقائی اور قومی جماعتو ں کے ذمہ داران سے ملاقات کرتے ہوئے کل ہند مسلم سنگھم کے منشور کو متعارف کروائے گا۔ جناب خالدرسول خان نے کہاکہ کل ہند مسلم سنگھم تیزی کے ساتھ علاقہ تلنگانہ میں اپنی کمیٹیوں کا قیام عمل میں لارہاہے۔ پروفیسر انور خان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔