جکارتہ ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دنیا میں مسلم کثیر آبادی والے ممالک میں سے ایک بڑا ملک سمجھے جانے والے انڈونیشیا نے بھی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے سات مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکہ میں داخلہ پر پابندی کے فیصلہ کے خلاف اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلہ سے دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر کی جانے والی لڑائی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارماناتھا ناصر نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کو کسی مخصوص مذہب سے جوڑنا غلط ہے۔ ضرورت اس بات کی ہیکہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ہر ملک ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرے لیکن ٹرمپ نے جو فیصلہ کیا ہے اس سے عالمی سطح پر دہشت گردی کے قلع قمع کیلئے جو کوششیں کی جارہی ہیں، ان پر پانی پھر جائے گا۔ یاد رہیکہ متعدد مغربی ممالک نے بھی ٹرمپ کی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جس کی وجہ سے امریکہ کے بیشتر ایرپورٹس پر احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں، جس سے افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔