نئی دہلی۔ 26 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ اسلام کو حفاظتی ڈھال بناکر دہشت گردی کا شیطانی کھیل کھیلنے والے عناصر اسلام اور انسانیت دونوں کے دشمن ہیں۔نقوی نے یہاں شام کے مفتی اعظم ڈاکٹر احمدبد رالدین حسون سے ملاقات میں کہا کہ مسلم کمیونٹی سمیت ہندوستان کے ہر طبقے نے ایسی شیطانی طاقتوں کے منصوبوں کو ناکام کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی ثقافت اورتہذیب امن اور بھائی چارے کے اقدار سے بھرپور ہے ۔ حضرت امام حسینؓ کا کربلا کے میدان میں دہشت گردی اور ظلم کے خلاف دیا گیاپیغام اسلام اور انسانیت کیلئے ہمیشہ بامعنی سبق کے طورپر یاد رکھا جائے گا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اسلام نے ہمیشہ ہی دہشت گردی اور دیگر تمام اقسام کے تشدد کے خلاف پرزور آواز اٹھائی ہے اور انسانیت، بھائی چارے اور ہم آہنگی کا پیغام دیا ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف ملک کی پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان دہشت گردی کے خلاف ایک عالمی مہم میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اس کے خلاف ’زیرو ٹالرنیس ‘کی پالیسی کے تحت کام کیا جا رہا ہے ۔