مسلمانوں میں غربت بہت زیادہ حکومت موثر اقدامات کرے گی: چندرا بابو نائیڈو

حیدرآباد۔/27جولائی، ( سیاست نیوز) حکومت آندھرا پردیش مسلمانوں کی ترقی کی پابند ہے اور تمام شعبوں میں مساویانہ ترقی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ آج وجئے واڑہ ون ٹاون میں 10.50 کروڑ روپیوں کے مصارف سے تعمیر کئے جانے والے ’ شادی خانہ کی عمارت ‘ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے مذکورہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ مسلمانوں میں غریب افراد کی اکثریت پائی جاتی ہے۔ مسلمانوں میں غربت کے تعلق سے سچر کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں تفصیلات کا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سچر کمیٹی رپورٹ کی اساس پر حکومت آندھرا پردیش ریاست کے مسلمانوں میں پائی جانے والی غربت کا خاتمہ کرنے کیلئے ہر شعبہ میں مسلمانوں کی ترقی یقینی بنائے گی۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ مسلم طلباء کو تعلیمی میدان میں بھی آگے بڑھایا جائے گا۔ بالخصوص حکومت نے ریاست آندھرا پردیش کے مسلم طلباء و طالبات میں مفت کتابوں کی تقسیم و فراہمی کیلئے اقدامات کرنے کی آندھرا پردیش اردو اکیڈیمی کو باقاعدہ طور پر اجازت دی گئی ہے۔ چیف منسٹر مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے سابق صدر جمہوریہ ہند ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام مرحوم کی آج برسی کے موقع پر انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک کیلئے ان کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ چیف منسٹر نے انہیں ایک غیر معمولی شخصیت سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ وہ مثالی شخصیت تھے۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ بیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم کے حصو ل کیلئے روانہ ہونے والے غریب طلباء کو حکومت 10لاکھ روپئے کی مدد فراہم کرے گی۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی و غیرہ بھی شریک تھے۔