بغداد ۔ 2 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) جہادی جنگجو گروپ دولت اسلامی عراق و شام (داعش یا آئی ایس آئی ایس) کے رہنما نے ایک آڈیو پیغام میں دنیا بھر کے مسلمانوں سے عراق اور شام ہجرت کر کے اسلامی ریاست کی تعمیر و تشکیل میں تعاون کی اپیل کی ہے۔ داعش کے ’خلیفہ‘ ابوبکر البغدادی نے مسلمانوں کو ’اسلامی مملکت‘ کی طرف ہجرت کی دعوت دی اور کہا کہ یہ فرض ہے۔انھوں نے بطور خاص ججوں، ڈاکٹروں، انجینئروں فوجی تربیت یافتہ اور انتظامی امور کی مہارت رکھنے والوں سے اپیل کی ہے۔داعش کا کہنا ہے کہ وہ شام اور عراق میں اپنے کنٹرول والے علاقوں میں ایک اسلامی مملکت یا خلافت اسلامیہ قائم کر رہی ہے۔ منگل کو جاری ایک نئے آڈیو پیغام میں ابو بکر البغدادی نے کہا: ’اے مسلمانو، اپنی مملکت کی جانب تیزی سے بڑھو۔ یقینایہ تمہاری ریاست ہے۔ آگے بڑھو کیونکہ شام صرف شام کے لوگوں کا نہیں اور عراق صرف عراقیوں کے لیے نہیں ہے۔‘ بغدادی نے مزید کہا: ’تمام ممالک کے مسلمان جو اسلامی ریاست کے لیے ہجرت کرنے کے قابل ہیں انھیں ایسا کرنا چاہیے
کیونکہ اسلامی سر زمین کی طرف ہجرت کرنا فرض ہے۔‘ انھوں نے اس سے قبل اتوار کو رمضان کے مہینے کے دوران جنگجوؤں سے جنگ میں تیزی لانے کی بات کہی تھی۔19 منٹ کے اس آڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’رمضان کے مقدس مہینے میں اللہ کے راستے میں جہاد سے بہتر کوئی اور کام نہیں ہے اس لیے اس موقع کا فائدہ اٹھائیں اور اپنے آبا و اجداد کی راہ پر قائم رہیں۔‘اپنے آڈیو پیغام میں انھوں نے وسطی افریقی ممالک سے لے کر برما تک کا نام لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان، چین، فلسطین، صومالیہ اور دیگر ممالک میں مسلمانوں کے حقوق سلب کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن ممالک میں مسلمانوں کے خلاف ظلم ہورہا ہے ’اللہ کی قسم ہم ان سے بدلہ لیں گے، ذرا دیر لگے گی، لیکن ہم بدلہ لیں گے۔‘ یہ بھی اطلاعات ہیکہ آئی ایس آئی ایس بہت جلد 9/11 کی طرز کا دہشت گرد حملہ کرسکتی ہے۔ مغربی ممالک کے ذرائع نے بتایا کہ عرب سیکوریٹی فورسیس کو یہ یقین ہیکہ بغدادی نے اپنے حلقہ کو ہدایت دی ہیکہ وہ اس نوعیت کے حملے شروع کردیں۔ اس تنظیم کا کہنا ہے کہ اسلامی ریاست شام کے شمالی شہر حلب سے مشرقی عراق میں دیالہ صوبے تک ہوگی۔