مسلمانوں ، عیسائیوں کے آباء و اجداد ہندو تھے

مغل حکمرانوں نے تلوار کے زور پر مذہب تبدیل کروایا: توگاڑیہ
احمدآباد 17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) تبدیلی مذہب تنازعہ کو مزید بھڑکاتے ہوئے وشوا ہندو پریشد کے کارگذار صدر پروین توگاڑیہ نے آج کہاکہ ہندوستانی مسلمانوں اور عیسائیوں کے آباء و اجداد ہندو تھے۔ اُنھوں نے کل رات گجرات کے بھاؤنگر ٹاؤن میں وی ایچ پی کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستانی مسلمانوں کے آباء و اجداد ہندو تھے۔ عیسائیوں کے آباء و اجداد بھی ہندو تھے۔ تاریخ یہ بتاتی ہے کہ کئی افراد نے مغل بادشاہوں کے مظالم اور تلوار کے زور پر اسلام قبول کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اس وقت ہندوستان میں کوئی ظلم نہیں ہورہا ہے اور نہ ہندوؤں پر طاقت کا استعمال کیا جارہا ہے ایسے حالات میں اگر کوئی ہندو سماج میں واپس آنا چاہے تو ہندوؤں کو اُنھیں کھلے دل سے قبول کرنا چاہئے۔ واضح رہے کہ دھرم جاگرن منچ نے ہندو مذہب میں واپسی کا ایک پروگرام منعقد کیا تھا جسے ’’گھر واپسی‘‘ نام دیا گیا اور اُس نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ تقریباً 100 افراد کو جن میں اکثریت غریب بستیوں میں رہنے والے مسلمانوں کی ہے، وہ ہندو مذہب میں شامل ہوگئے ہیں۔