نئی دہلی۔4دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں منگل کو مسلسل 13 ویں دن کمی ہونے سے عام لوگوں کو راحت ملی ہے ۔ ملک کی سب سے بڑی تیل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق قومی دارالحکومت دہلی میں آج پٹرول 21 پیسے سستا ہوکر 71.72 روپے فی لیٹر پر آ گیا، جو اس سال یکم مارچ کے بعد سب سے نیچی سطح ہے ۔ ڈیزل کی قیمت بھی 27 پیسے کم ہو کر 66.39 روپے فی لیٹر رہی۔ یہ 15 مئی کے بعد اس کی کم ترین سطح ہے ۔ اقتصادی دارالحکومت ممبئی میں پٹرول 21 پیسے اور ڈیزل 29 پیسے سستا ہوا اور ان کی قیمتیں بالترتیب 77.29 روپے اور 69.48 روپے فی لیٹر درج کی گئیں۔ کولکاتہ میں پٹرول کی قیمت میں 21 پیسے اور ڈیزل کے دام میں 27 پیسے کی کمی کی گئی۔ وہاں پٹرول آج 73.75 روپے اور ڈیزل 69.48 روپے فی لیٹر فروخت ہوا۔ چنئی میں پٹرول 22 پیسے سستا ہوکر 74.41 روپے اور ڈیزل 29 پیسے سستا ہوکر 70.09 روپے فی لیٹر پر آ گیا۔