مسلح شخص کی اندھادھند فائرنگ ،5افراد ہلاک

واشنگٹن،13ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات میں ایک واقعہ کا اور اضافہ ہوگیا ہے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر بیکرز فیلڈ میں مسلح شخص نے فائرنگ کرکے 5 افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا ،بعد ازاں مشتبہ شخص نے بھی خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی ۔امریکہ میں فائرنگ کے مسلسل واقعات نے دنیا کی سپر طاقت کہلانے والے ملک کی اندرونی سیکورٹی صورتحال کا پول کھل گیا ہے ۔واضح رہے کہ امریکہ بھر میں فائرنگ کے واقعات میں سینکڑوں امریکی شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں ،ان واقعات میں قابل ذکر اکتوبر 2017 میں امریکی شہر لاس ویگاس میں میوزک کنسرٹ کے دوران فائرنگ کے واقعہ میں 58 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوئے ،پھر نومبر 2017 میں ریاست ٹیکساس کے ایک چرچ میں فائرنگ سے 26 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے ۔دسمبر 2015 میں امریکی ریاست سان برنارڈینو میں معذوروں پر فائرنگ کے واقعہ میں 14 افراد ہلاک اور 22 زخمی ہو گئے تھے ۔