نئی دہلی ۔ یکم ؍ اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مملکتی وزیر دفاع راؤ اندر جیت سنگھ نے آج مسلح افواج سے کہا کہ وہ محدود بجٹ کے پیش نظر اپنی ضروریات کو ترجیح دیں۔ انہیں مختص کردہ رقومات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کریں۔ سیکوریٹی عملہ کو چاہئے کہ وہ اپنی ترجیحات کا تعین کریں اور جب بجٹ تیار کیا جانا ہے تو اس میں غیرضروری اشیاء کی خریداری کی فہرست بنانے سے گریز کریں۔ آپ لوگوں کو چاہئے کہ ایک ایسی ترجیح فہرست تیار کریں۔ واضح رہیکہ ہمارا ملک ایک ترقی پذیر ملک ہے۔ ہم تو اپنی دیگر ضروریات کی تکمیل کیلئے بھی رقومات خرچ کرنی ہیں۔ مملکتی وزیردفاع یہاں 268 ویں فاونڈیشن ڈے تقریب سے خطاب کررہے تھے جس سے معتمد دفاع جی موہن کمار، ایرفورس کے سربراہ اروپ رہا بھی شریک تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچیکہ دفاعی بجٹ 3.4 لاکھ کروڑ روپئے ہے یہ رقم کافی نہیں ہے۔ اس لئے رقم کو صرف اہم کاموں کیلئے استعمال کیا جانا چاہئے۔ اگر کوئی چیز 10 روپئے میں دستیاب ہے تو اس کیلئے 100 روپئے خرچ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر اچھی اشیاء کو سستے داموں میں بھی خریدا جاسکتا ہے۔ انہوں نے ڈیفنس اکاونٹ ڈپارٹمنٹ کے رول کی بھی ستائش کی، جس کی سنجیدہ کوششوں سے حکومت کو دیرینہ ایک رتبہ ایک وظیفہ اسکیم کو روبہ عمل لانے میں مدد ملی ہے۔