بیجنگ ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چین نے آج امریکہ ، برطانیہ اور فرانس کی جانب سے پاکستان نشین دہشت گرد گروپ جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کردہ تازہ تجویز کے بارے میں کوئی بھی حامی بھرنے سے گریز کیا۔ چین پاکستان کا قریبی حلیف ہے اور مسلسل ایسے اقدامات کو روکتا آیا ہے جو مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی کوشش ہوتے ہیں۔ پہلے ایسی تجویز ہندوستان نے پیش کی تھی اور بعد میں امریکہ، برطانیہ اور فرانس نے پہل کی۔ جب چین سے مسعود اظہر کے تعلق سے اقوام متحدہ میں سرگرمی کے بارے میں پوچھا گیا تو چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کوبان نے لگ بھگ وہی بات دہرائی جو چین اس معاملہ میں اکثر کہتا آیا ہے۔ یہاں میڈیا بریفنگ کے موقع پر چینی ترجمان نے کہاکہ ہم اس مسئلہ پر پہلے ہی بارہا موقف ظاہر کرچکے ہیں۔