نئی دہلی۔ 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے پاکستان کی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے سرغنہ مسعود اظہر کو اقوام متحدہ کی پابندی کمیٹی کے دائرے میں لائے جانے کو لے کر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ چین کے اعتراض کی وجہ سے یہ قرارداد التواء میں ضرور ہے لیکن مسترد نہیں ہوا ہے ۔ذرائع نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ ہندوستان کو چین کے رویہ سے مایوسی ہوئی ہے لیکن سلامتی کونسل میں مسعود اظہر پر پابندی عائد کرنے کی تجویز پر تعطل کا یہ مطلب نہیں ہے کہ قرارداد مسترد ہو گئی ہے ۔ ہندوستان قرارداد سے متعلق 1267 کمیٹی کے ارکان کے ساتھ مل کر اب بھی کوشاں ہے ۔ یہ اپنے آپ میں بڑی بات ہے کہ سلامتی کونسل کے نصف درجن رکن مسعود پر پابندی کی تجویز کے معاون اسپانسر بنے ۔ انہوں نے کہا کہ قرارداد کو سلامتی کونسل کے 15 میں سے 14 رکن ممالک کی حمایت حاصل رہی اور ہندوستان کو پوری امید ہے کہ جیش محمد کے سرغنہ پر ضرور پابندی لگائی جائے گی خواہ اس میں کچھ اور وقت لگے ۔