اقوام متحدہ ۔ یکم / اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک ڈرامائی اقدام میں چین نے ہندوستان کی اقوام متحدہ میں جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر پر پابندی عائد کرنے کی ایک اور کوشش ناکام بنادی۔ مسعود اظہر کو پٹھان کوٹ دہشت گرد حملے کا کلیدی سازشی باور کیا جارہا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں چین کے سواء دیگر تمام مستقل ارکان بشمول امریکہ ، برطانیہ اور فرانس نے مسعود اظہر پر پابندی عائد کرنے کی تائید کی لیکن چین کے پر اعتراض پر ہندوستانی کوشش ناکام ہوگئی۔ چین کے اقدام پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے نئی دہلی میں کانگریس نے نریندر مودی حکومت کو نشانہ بنایا کہ دہشت گردی سے نمٹنے میں اُس کی ’’ناکام‘‘ پالیسی پھر ایک بار اُجاگر ہوئی ہے۔ پارٹی ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان کی ایماء پر چین کا اپنے ویٹو اختیار کا استعمال ہند کیلئے باعث ِ تشویش ہے۔