مسعود اظہر پر امتناع کی کوشش ’’سیاسی محرکات پر مبنی‘‘

بے بنیاد الزامات عائد کئے گئے ، پاکستان کا ردعمل
اسلام آباد۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے ذریعہ مسعود اظہر پر امتناع کی ہندوستان کی کوشش ’’سیاسی محرکات پر مبنی‘‘ ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے یہ بات اُس وقت کہی جب پاکستان کے حلیف چین نے پٹھان کوٹ دہشت گرد حملے کے ماسٹر مائنڈ کو ’’عالمی دہشت گرد‘‘ قرار دینے ہندوستان کی تجویز کو روک دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تحدیدات کمیٹی نے ہندوستان سیاسی محرکات پر مبنی تجویز کو مسترد کردیا ہے۔ یہ تجویز بے بنیاد الزامات اور غلط اطلاعات کے ذریعہ پیش کی گئی ہے۔ ہندوستانی تجویز کی کوئی بنیاد نہیں اور یہ صرف ایک تنگ نظر قومی ایجنڈہ کو آگے بڑھانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تجویز کو مسترد کرنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ سلامتی کونسل کی ایک اہم کمیٹی کو سیاسی شکل دینے ہندوستان کی کوشش بھی ناکام ہوگئی ہے۔ ہندوستان دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے لیکن وہ دہشت گردی کو ہی سرکاری پالیسی کا آلہ کار بنایا ہوا ہے۔