مسعود اظہر معاملہ میں مثبت پیشرفت کا چین کا دعویٰ

بیجنگ ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چین نے پیر کے روز ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی جانب مثبت پیشرفت ہورہی ہے۔ ہندوستان بھی یہی چاہتا ہیکہ پاکستان کے جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دیا جائے اور اقوام متحدہ نے بھی اس کی تائید کی ہے لیکن امریکہ اس یپشرفت میں رکاوٹ پیدا کررہا ہے۔ چین نے کہا کہ ایک ایسے وقت جب سارے معاملات انتہائی پُرسکون انداز میں طئے کئے جانے والے تھے، امریکہ کو سلامتی کونسل میں راست شکایت کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ یاد رہیکہ گذشتہ ہفتہ چین نے مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی راہ میں ایک بار پھر رکاوٹ پیدا کی تھی اور امریکہ کے اس الزام کو مسترد کردیا تھا کہ چین مسعود اظہر کی تائید کرتے ہوئے دراصل دہشت گرد تنظیم پر عائد ہونے والی تحدیدات کا دفاع کرنا چاہتا ہے۔ بہ الفاظ دیگر چین دہشت گردی کی پشت پناہی کررہا ہے۔ یاد رہیکہ چین نے واضح طور پر کہا تھا کہ اس وقت جو رکاوٹ پیدا کی گئی ہے وہ محض تکنیکی نوعیت کی ہے جو امریکہ، فرانس اور برطانیہ کی جانب سے داخل کی گئی قرارداد کیلئے ہے۔