مسجد یکخانہ کو فوری تعمیر کا مطالبہ ، حالات کو بگاڑنے والوں کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ

محمد احمد فصیح الدین کی قیادت میں وفد کی تلنگانہ اقلیتی کمیشن سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 17 ۔ مئی : ( راست ) : جناب محمد احمد شریف کی زیر قیادت ایک وفد نے تلنگانہ اقلیتی کمیشن سے رجوع ہو کر ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے مسجد یکخانہ عنبر پیٹ کو جی ایچ ایم سی نے قبل از وقت کسی نوٹس کے بغیر منہدم کرنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اس واقعہ کی تحقیقات کرتے ہوئے خاطیوں کو کیفرکردار تک پہونچانے کا مطالبہ کیا ۔ وفد میں شامل مسرس محمد اعجاز علی ، احمد شریف ، محمد توفیق ، محمد نعمت اللہ اور مجاہد فصیح حیدر نے اپنی نمائندگی مے بتایا کہ مسجد یکخانہ عنبر پیٹ درج اوقاف ہے یہاں پنچگانہ نماز ادا کی جارہی تھی تاہم مسجد کو منہدم کردیا گیا ہے ۔ انہدامی کارروائی کو راز میں رکھا گیا تھا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ منہدمہ مسجد 400 سالہ قدیم ہے ۔ جب اس مقام پر مسلمانوں نے نماز ادا کرنے کا آغاز کیا تو حکام نے اس میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے بریکیٹ لگادیا تاہم بعض غیر سماجی اس مسئلہ کو لے کر تنازعہ کھڑا کرنے کی کوشش کی ہے ۔ جس کے بعد نقص امن کا مسئلہ پیدا ہونے کا بہانہ بنایا گیا ۔ یادداشت میں مزید بتایا کہ مسلم طبقہ کو مسجد کے مقام پر نماز کی ادائیگی میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے جذبات کو مجروح کیا جارہا ہے ۔ اور پولیس بھی نماز کی ادائیگی میں مداخلت پیدا کررہی ہے انہوں نے موجودہ صورتحال پر کہا کہ اس مسئلہ کی فوری یکسوئی عمل میں لائی جائے تاکہ مزید حالات کو بگڑنے سے بچایا جائے اور نماز کی ادائیگی کی اجازت دی جائے ۔ انہوں نے اقلیتی کمیشن سے خواہش کی کہ وہ موجودہ صورتحال کی سنگینی کو پیش نظر رکھتے ہوئے خاطیوں کے خلاف تحقیقات کرتے ہوئے سخت کارروائی کریں ۔۔