مسجد یکخانہ پر ہائی کورٹ میں حلفنامہ داخل کرنے محمد سلیم کی ہدایت

وقف بورڈ کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں، آئمہ اور مؤذنین کا اعزازیہ جلد جاری کرنے کی مساعی
حیدرآباد ۔ 16۔ مئی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ آئمہ و مؤذنین کے ماہانہ اعزازیہ کی اجرائی کی الیکشن کمیشن سے اجازت حاصل کی جائے۔ تاکہ بقایہ جات کے ساتھ مکمل رقم جاری کی جاسکے ۔ محمد سلیم نے آج بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور اعزازیہ کی اجرائی میں تاخیر کی وجوہات معلوم کی۔ انہوں نے اس بات پر ناراضگی جتائی کہ عہدیداروں نے انتخابی ضابطہ اخلاق کا بہانہ بناکر خاموشی اختیار کرلی۔ حالانکہ اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن سے اجازت حاصل کی جاسکتی تھی ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایک طرف الیکشن کمیشن سے اجازت کے حصول کی کوشش کی جائے تو دوسری طرف تمام ائمہ و مؤذنین کے بقایہ جات کے ساتھ رقم کو تیار رکھا جائے تاکہ اجازت ملتے ہی متعلقہ آئمہ و مؤذنین کے اکاؤنٹس میں منتقل کردیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کے پاس بجٹ موجود ہے اور الیکشن کمیشن سے اجازت ملتے ہی اعزازیہ جاری کردیا جائے گا۔ رقم کی اجرائی کے سلسلہ میں جو بھی رکاوٹیں ہیں، اسے دور کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ محمد سلیم نے کہا کہ اندرون 4 یوم اعزازیہ کی رقم بقایہ جات کے ساتھ جاری کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ غریب آئمہ و مؤذنین کو رمضان اور عید الفطر کے انتظامات میں سہولت ہو۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اعزازیہ کی ہر ماہ پابندی سے اجرائی کو یقینی بنائیں۔ محمد سلیم نے ہائی کورٹ میں وقف بورڈ کے اسٹانڈنگ کونسل اور وقف بورڈ کے لاء آفیسرس سے بات چیت کرتے ہوئے مسجد یکخانہ کے مقدمہ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ وقف بورڈ کی جانب سے جوابی حلفنامہ فوری داخل کردیا جائے۔ اگرچہ مقدمہ کی سماعت تعطیلات کے بعد ہوگی لیکن وقف بورڈ کو فوری طور پر اپنا حلفنامہ داخل کردینا چاہئے۔ محمد سلیم نے کہا کہ وقف بورڈ ہائی کورٹ میں مسجد یکخانہ پر اپنے موقف کو شدت کے ساتھ پیش کرے گا۔ مسجد اور عاشور خانہ کا ریکارڈ موجود ہے۔ گزٹ کی تفصیلات عدالت میں پیش کی جائیں گی ۔ مسجد اور عاشور خانہ نوٹیفائیڈ وقف پراپرٹی ہے۔ ایک بار وقف کی گئی جائیداد تا قیامت وقف رہتی ہے ۔ اس کے موقف کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ محمد سلیم نے کہا کہ وقف بورڈ دونوں جائیدادوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکنہ قانونی جدوجہد کرے گا۔ ضرورت پڑنے پر ہائی کورٹ میں سینئر وکلاء کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ محمد سلیم نے وقف جائیدادوں کے کرایہ جات کی وصولی میں سست رفتاری پر برہمی ظاہر کی اور عہدیداروں پر مشتمل تین خصوصی ٹیمیں روانہ کی ہیں، جو کرایہ جات وصول کریں گی۔ انہوں نے عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ میں ناجائز قابضین کی سرگرمیوں کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ پیٹ بشیر آباد علاقہ میں اوقافی اراضی پر غیر مجاز تعمیرات کو روکنے کیلئے عہدیداروں کی ٹیم کو روانہ کیا ہے۔