مسجد کی چھت گرنے سے 24 نمازی جاں بحق

لاہور ، 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے نواحی علاقے داروغہ والا میں ایک مسجد کی چھت گرنے سے 24 نمازی جاں بحق اور سات دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ افسوسناک واقعہ منگل کی دوپہر نماز ظہر کے وقت پیش آیا ۔ نماز کی باجماعت ادائی کے دوران مسجد کی دومنزلہ عمارت کی چھت اچانک منہدم ہوگئی اور نمازی اس کے ملبے تلے دب کر رہ گئے۔علاقے کے مکینوں کے مطابق 35 سے 40 نمازی جماعت میں شریک تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو سرویس اور ضلعی انتظامیہ نے امدادی سرگرمیاں شروع کردیں اور پولیس کی بھاری نفری بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔رات گئے تک ملبے تلے دبے چوبیس نمازیوں کی لاشیں نکالی جاچکی تھیں۔ زخمیوں کو نزدیک واقع اسپتالوں اور سرویسز ہاسپٹل اور لاشوں کو میو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ لاہور کے ضلعی رابطہ افسر (ڈی سی او) ریٹائرڈ کیپٹن محمد عثمان نے صحافیوں کو بتایا کہ ملبے تلے افراد کی لاشیں نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن لگ بھگ مکمل ہوچکا ہے اور اہلِ محلہ کے مطابق جو لوگ نماز کیلئے مسجد میں موجود ہوسکتے تھے،انھیں زندہ یا مردہ نکال لیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود مکمل تسلی ہونے تک کارروائی جاری رہے گی کیونکہ نمازیوں میں کوئی راہ گیر بھی شامل ہوسکتا ہے۔