مسجد کی تعمیر کے لیے ہندو خاتون کا عطیہ

دوست احباب سے بھی عطیات کی وصولی ، جناب زاہد علی خاں کی جانب سے رانی تھوٹا کی ستائش
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( نمائندہ خصوصی) : ایک ایسے وقت جب کہ ملک میں فرقہ پرست طاقتیں مذہب کی بنیاد پر عوام کو تقسیم کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑ رہی ہے ۔ بھائی سے بھائی کو لڑانے ، عبادت گاہوں کو شہید کرنے ان کی بے حرمتی کرنے ، جانوروں کے نام پر انسانوں کے قتل کی سازشیں رچ رہی ہیں کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جو اپنی نمایاں خدمات کے ذریعہ ملک میں اتحاد و اتفاق ، ایثار و ہمدردی اور جذبہ انسانیت کو فروغ دے رہے ہیں ۔ ایسے ہی شخصیتوں میں عطا پور کی رہنے والی خاتون رانی تھوٹا بھی شامل ہیں ۔ مائی کڈس پری اسکول پیراماونٹ کالونی ٹولی چوکی کی بانی رانی تھوٹا نے حال ہی میں ایسا کام کیا ہے جو شائد مذہب کے نام پر عوام کو تقسیم کرنے والوں کے چہروں پر ایک زور دار طمانچہ ہے ۔ اس خاتون نے پرانا شہر کے حسینی علم میں زیر تعمیر ایک مسجد کے لیے نہ صرف اپنی جانب سے 15 ہزار روپئے کا عطیہ دیا بلکہ اپنے دوست احباب سے مزید 36 ہزار روپئے بطور عطیات جمع کئے ۔ اس طرح انہوں نے مسجد کی تعمیر کے لیے 51 ہزار روپئے کا انتظام کیا ۔ قارئین آپ کو بتادیں کہ یہ مسجد حسینی علم میں تعمیر کی جارہی ہے ۔

 

مسجد رحمت عالم کی کمیٹی کے صدر اور ممتاز سماجی جہد کار محمد امام تحسین کی قیادت میں ایک وفد نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں رانی تھوٹا کے جذبہ انسانیت سے واقف کروایا اور بتایا کہ اس انسانیت دوست خاتون نے مسجد کی تعمیر کے بارے میں سننے کے بعد نہ صرف اپنی طرف سے 15 ہمار روپئے بطور عطیہ پیش کیے بلکہ اپنے حلقہ احباب کو بھی مسجد کی تعمیر کے بارے میں واقف کروایا ۔ رانی تھوٹا کے مطابق انہوں نے یہ رقم جمع کر کے کوئی احسان نہیں کیا ہے بلکہ آپسی بھائی چارگی اور خلوص و محبت ہمارے شہر حیدرآباد اور اس کے عوام کی پہچان ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا ’ خدا کا شکر ہے کہ ان کے ہاتھوں ایک نیک کام ہوا ہے ‘ ۔ جناب محمد امام تحسین کے مطابق حسینی علم میں مسجد کی تعمیر کے لیے 620 مربع گز اراضی 37 لاکھ روپئے میں خریدی گئی ۔ 5 لاکھ روپئے ادا کیے گئے 33 لاکھ روپئے باقی ہیں ۔ ایک سال سے مسجد کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔ 50 فیصد چھت ڈالدیا گیا ہے ۔ شہر حیدرآباد کی قدیم بٹن فیکٹری کے قریب واقع اس مسجد میں کافی مصلی آتے ہیں ۔ مسجد کے کاموں میں میر انور محی الدین کسٹم سپرنٹنڈنٹ آر جی آئی ایرپورٹ اور جناب مزمل علی بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے مسز رانی تھوٹا کے جذبہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شہر اور ہمارے ملک میں ایسے مرد و خواتین کے باعث ہی فرقہ پرست اپنے عزائم کی تکمیل میں ناکام ہیں اور ہندوستان کثرت میں وحدت کی بہترین مثال بنا ہوا ہے ۔ انہوں نے مسٹر رانی تھوٹا سے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ ایسی شخصیتوں کی سرکاری سطح پر بھی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے ۔ اس موقع پر ٹی آر ایس قائد محمد اسمعیل الرب انصاری ، ڈاکٹر سیدہ منور سلطانہ صدر حیدرآباد مہیلا منڈل اور عطیہ بیگم پرنسپل ایپل پلے اسکول بھی موجود تھے ۔۔