حیدرآباد ۔ 28 نومبر (سیاست نیوز ) نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو دعلی نے چیونٹی شاہ مسجد وقف اراضی کے معاملے میںخاطی پائے جانے والے عہدیدارو ں کے خلاف سخت کاروائی کا انتباہ دیتے ہوئے بتایا کہ نماز جمعہ کی ادائی کے بعد وقف اور ریونیو عہدیداروں کے ہمراہ انہوں نے مسجد کمیٹی چیونٹی شاہ کے ذمہ داران سے ملاقات کرتے ہوئے تمام معاملے کے متعلق معلومات حاصل کیں ۔ جناب محمد محمود علی نے کہاکہ چیونٹی شاہ مسجد وقف اراضی کی اطلاع ملنے پر محکمہ ریونیوعہدیداروں سے اس ضمن میں رپورٹ طلب کی گئی جس کے مطابق تحصیلدار چارمینار کے ہمراہ متعلقہ وقف انسپکٹر موجود تھے جنہوں نے مذکورہ اراضی کو غیر موقوفہ بتایا تھا جسکے بعد تحصیلدار چارمینار نے رپورٹ میںاس اراضی کو سرکاری قراردیتے ہوئے موجودہ مکینوں کو پٹے جاری کرنے کی سفارش کی تھی۔ جناب محمد محمو دعلی نے اس معاملے پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود سید عمر جلیل آئی اے ایس کو بھی متعلقہ وقف انسپکٹر کے متعلق کاروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بروز پیر 11بجے سی او وقف بورڈ‘ آر ڈی او اور محکمہ ریونیوکے دیگر عہدیدار چیونٹی شاہ مسجد کے اس مقام کا معائنہ کریں گے اور مشترکہ سروے میں مذکورہ اراضی موقوفہ پائی جاتی ہے تو تمام پٹہ جات کو منسوخ کردیا جائے گا اور خاطی عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔جناب محمد محمو دعلی نے مزیدبتایا کہ نہ صرف چیونٹی شاہ مسجد کی موقوفہ اراضی بلکہ ریاست تلنگانہ کے کسی بھی حصہ میںایک انچ وقف اراضی پرقبضے کو بھی حکومت تلنگانہ برداشت نہیں کریگی ۔جناب محمد محمو دعلی نے مزیدکہاکہ حکومت وقف اراضیات کے تحفظ میںنہایت سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے مستقبل قریب میں درگاہ حسین شاہ ولی کی موقوفہ اراضی کے متعلق بھی سخت کاروائی کرنے کا اعلان کیا۔