مسجد و عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی تعمیر میں رکاوٹیں برقرار

جناب سید عزیز پاشاہ و دیگر کا دورہ، ڈی سی پی سائبرآباد سے شکایت
حیدرآباد ۔ 21 فبروری (سیاست نیوز) گذشتہ ماہ قدیم قطب شاہی مسجد و عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی تعمیر کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی اور جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے سنگ بنیاد رکھا۔ اس سلسلہ میں وقف بورڈ کی جانب سے مسجد کی تعمیر جدید کیلئے اجازت بھی حاصل کی گئی ہے۔ 90 ایکڑ 17 گنٹے اس کی موقوفہ زمین پر ناجائز قابضین اس عالیشان مسجد کی تعمیر کے خلاف ناجاز رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں ۔ متعلقہ پولیس کے ذریعہ تعمیری کام میں رکاوٹیں پیدا کرتے ہوئے مزدوروں کو حراست میں لیکر مسجد کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کی جارہی ہے ۔ جناب زاہد علی خان کی توجہ دہانی پر جناب سید عزیز پاشاہ سابق ایم پی نے اس مسجد کا معائنہ کیا اور لینڈ گرابرس کی اوچھی حرکتوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی سی پی سائبر آباد سے نمائندگی کی ۔ اس دورہ میں جناب عثمان بن محمد الہاجری صدر دکن وقف پروٹیکشن سوسائٹی ‘ جناب محمد عنایت توکلی‘ جناب محمد فیاض کے علاوہ دیگر احباب شریک تھے۔