مسجد نبویؐ میں حاجی محمد کی 37 سال سے نماز پنجگانہ

مدینہ منورہ 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) افغان شہری حاجی محمد مدینہ منورہ میں بیحد مقبول ہیں جو گزشتہ ربع صدی سے زائد عرصہ سے سعودی ٹیلی ویژن چیانل پر مسجد نبوی ﷺ کی پہلی صف میں امام کے بالکل پیچھے کھڑے دیکھے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے عربی روزنامہ مکہ سے کہاکہ وہ 19 سال کی عمر میں سعودی عرب پہونچے تھے۔ گزشتہ 37 سال یہاں بحیثیت پلمبر کام کرتے ہیں اور اس مدت کے دوران صرف ایک مرتبہ اپنے وطن افغان گئے تھے۔

حاجی محمد نے کہاکہ ’’میں اپنی نوجوانی سے ہمیشہ اس بات کو یقینی بناتا رہا ہوں کہ میری تمام نماز مسجد نبوی ﷺ میں باجماعت ادا ہوجائیں‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ مسجد نبویؐ میں مصلیوں اور قاریوں کی طرف سے تلاوت کے بعد اسی مقام پر چھوڑے جانے والے کلام پاک کے نسخوں کو اُٹھاکر دوبارہ ان کے مقام پر رکھنے میں تسکین محسوس ہوتی ہے۔ حاجی محمد نے کہاکہ مسجد نبوی ﷺ میں مقامی نمازیوں کے علاوہ مختلف بیرونی ممالک سے آنے والے افراد ان کے دوست بن گئے ہیں جو اس بات سے کافی متاثر ہیں کہ وہ (حاجی محمد) اس مسجد میں اور وہ بھی ایک ہی مقام پر ایک طویل عرصہ سے بلا ناغہ نمازیں ادا کررہے ہیں۔

اکثر افراد سال بہ سال مسجد نبویؐ پہونچتے ہیں جنھوں نے دیکھا کہ حاجی محمد کس طرح ہمیشہ سیاہ عمامہ باندھے رہتے ہیں۔ حاجی محمد نے کہاکہ ’’جب سے میں نے اپنے کفیل کے پاس کام شروع کیا ان سے کہہ چکا تھا کہ مسجد نبوی ﷺ میں ہی روزانہ پانچ نمازیں ادا کروں گا اور کوئی بھی نماز قضاء ہونے نہیں دی جائے گی۔ علاوہ ازیں رمضان میں کوئی کام نہیں کروں گا بلکہ سارا مہینہ مسجد نبویؐ میں گذاروں گا‘‘۔ حاجی محمد ایک پکے افغان شہری ہیں جنھیں دو بیویاں، 12 بچے ہیں اور اب وہ تیسری بیوی کی تلاش میں ہیں۔