صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ الحاج محمد سلیم کا دورہ
حیدرآباد ۔ 26۔ اپریل (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج مسجد نانا باغ بشیر باغ کے تحت اوقافی اراضی کا معائنہ کیا اور تمام غیر مجاز قابضین کے خلاف نوٹس جاری کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے مسجد سے متصل اوقافی اراضی پر ناجائز تعمیرات پر شدید برہمی ظاہر کی اور تاجر کو ہدایت دی کہ وہ فوری تعمیری کام بند کردے۔ بصورت دیگر اس کے خلاف پولیس میں ایف آئی آر درج کیا جائے گا۔ مسجد نانا باغ کے تحت وقف ریکارڈ کے مطابق 5 ایکر 10 گنٹے اراضی موجود ہے جو مسجد سے متصل خانگی عمارتوں کا احاطہ کرتے ہوئے لوک آیوکت کی عمارت تک پہنچتی ہے۔ کرلوسکر ہاسپٹل ، سینٹ میریز کالج ، سلیٹ اسکول اور دیگر تجارتی ادارے اوقافی اراضی پر موجود ہیں ۔ حالیہ عرصہ میں وقف بورڈ نے اس اراضی کا سروے کرتے ہوئے محکمہ مال سے ریکارڈ حاصل کیا تھا جس کی بنیاد پر تمام غیر مجاز قابضین کی نشاندہی کرلی گئی اور انہیں نوٹسوں کی اجرائی کا کام باقی تھا۔ صدرنشین وقف بورڈ کے ہمراہ چیف اگزیکیٹیو آفیسر ایم اے منان فاروقی اور بورڈ کے دیگر عہدیدار موجود تھے۔ محمد سلیم نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر کو ہدایت دی کہ تمام غیر مجاز قابضین کے خلاف نوٹسیں تیار کی جائے اور جلد سے جلد انہیں حوالے کیاجائے ۔ مسجد سے متصل غیر مجاز تعمیر میں مصروف تاجر نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے پاس عمارت کی ملکیت سے متعلق دستاویزات موجود ہیں۔ تاہم وقف بورڈ کے عہدیداروں نے ان دستاویزات کو بوگس قرار دیا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے پہلے تعمیری کام روکنے کی ہدایت دی اور اس مسئلہ پر مزید کچھ بھی بات کرنے سے انکار کردیا۔ مقامی افراد اور مسجد کمیٹی کے نمائندوں نے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کو تفصیلات سے آگاہ کیا، بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ غیر مجاز قابضین کے خلاف کارروائی کے سلسلہ میں پولیس اور بلدیہ سے تعاون حاصل کیا جائے گا ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس ، کمشنر پولیس اور کمشنر بلدیہ سے نمائندگی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر غیر مجاز تعمیرات کا سلسلہ بند نہیں ہوا تو مسلمان احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام غیر مجاز قابضین کو وقف بورڈ کی نوٹس قبول کرتے ہوئے کرایہ دار بننے کیلئے تیار ہونا چاہئے ۔ اگر وہ ملکیت کا دعویٰ کریں تو ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کا تحفظ وقف بورڈ کی اہم ذمہ داری ہے اور وہ شہر اور اضلاع میں تمام اوقافی جائیدادوں کا نہ صرف تحفظ کریں گے بلکہ ان کی آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد اوقافی جائیدادوں کے معائنہ کا آغاز کیا جائے گا ۔ وہ آئندہ ہفتہ عیدگاہ گٹالہ بیگم پیٹ کا دورہ کریں گے ۔ اسی دوران چیف اگزیکیٹیو آفیسر ایم اے منان فاروقی نے بتایا کہ مسجد نانا باغ کے تحت موجود وقف اراضی کا مکمل ریکارڈ وقف بورڈ میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اراضی سے دستبرداری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ضرورت پڑنے پر حکومت سے نمائندگی کی جائے گی۔