مسجد حرام: عمرہ زائرین کیلئے 125 دروازے کھل گئے

… دروازوں پر ڈیجیٹل لائیٹس کا بھی اہتمام …
مکہ مکرمہ۔ 27 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب میں الحرمین الشریفین کی مجلس انتظامی نے عمرہ زائرین کی سہولت کیلئے مسجد حرام کے 125 دروازے کھول دیئے ہیں۔ دنیا بھر سے ادائیگی عمرہ کیلئے آمد کا آغاز 23 نومبر کو شروع ہوا ہے، لوگوں کی بڑی تعداد کی آمد کے پیش نظر مسجد حرام کے تمام دروازے کھولے گئے ہیں تاکہ انہیں مناسک عمرہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ مسجد حرام میں زیادہ وقت کیلئے عبادات کا موقع مل سکے۔ان 125 دروازوں پر 475 کی تعداد میں دربان تعینات ہوں گے۔ جن میں مرد دربانوں کے علاوہ خواتین اہلکار بھی شامل ہوں گی۔نمازوں کی ادائی کے بعد کسی کو مسجد میں داخل ہونے کی اجازت نہ ہو گی۔ مسجد کے دروازوں پر ڈیجیٹل لائیٹس کا اہتمام کیا گیا ہے جن کی مدد سے مسجد میں داخلے کے اوقات اور مسجد میں جگہ کے ہونے یا نہ ہونے کی نشان دہی ہوتی ہے۔مسجد کے اندر مزید گنجائش ہونے کی صورت میں دروازوں پر سبز روشنیاں جلیں گی۔ بصورت دیگر سرخ روشنیاں نمایاں ہو جائیں گی کہ اب مسجد میں جگہ نہیں ہے اس لئے اندر داخل ہونے کی کوشش نہ کی جائے تاکہ بھگدڑ سے بچا جا سکے۔واضح رہے مسجد حرام کے بیشتر دروازوں کو توسیعی پروگرام کے تحت تعمیرات کے باعث بند کیا گیا تھا۔مسجد کے جن سولہ دروازوں کے ساتھ برقی سیڑھیاں نصب کی گئی ہیں، ان میں باب فہد، باب قریش، باب الصفا، باب المروہ، باب السلام، باب ارقم اور باب مراد وغیرہ شامل ہیں۔