پیرس /5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے زور دے کر کہا کہ قبلہ اول مسجد اقصی کو اسرائیل کے ناپاک قبضہ سے آزاد کرانا ضروری ہے۔ دنیا کے تیسرے سب سے مقدس مقام کا تحفظ امت مسلمہ کا فریضہ ہے۔ ولیعہد شہزادہ سلمان نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع نے یونیسکو پر زور دیا کہ وہ مسجد اقصی کے تحفظ کے لئے مؤثر اقدامات کرے اور اسرائیلی قبصہ کو برخاست کروائے۔ شہزادہ سلمان نے پیرس میں یونیسکو کے ہیڈ کواٹرس کا دورہ کرنے کے دوران مسجد اقصی کے تحفظ پر زور دیا۔ انھوں نے اپنے چار روزہ سرکاری دورہ فرانس کے موقع پر یونیسکو سے کہا کہ اسے مسجد اقصی کے تحفظ کے لئے سرگرم رول ادا کرنا ہوگا۔ فلسطین میں یہ مسجد تمام دیگر قابل قدر ثقافتی ورثوں میں سے ایک ہے، اسرائیلی جارحیت سے اسلامی آثار کو بچانے کے لئے عالمی طاقتوں کو آگے آنا ہوگا۔
ولیعہد شہزادہ سلمان نے یونیسکو کی ستائش کی کہ اس نے فلسطین کو اپنی مکمل رکنیت سے نوازا ہے۔ فرانس کو سعودی شاہی رہنما کے دورہ کے آخر میں جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ فرانس نے سعودی بحریہ کی حمایت کرنے خواہش کا اظہار کیا ہے اور سعودی عرب کے بحریہ کو فروغ دینے میں مدد سے اتفاق کیا۔ سعودی عرب کے شاہی فضائیہ کو بھی ترقی دی جائے گی۔ دونوں ملکوں نے فضائی ڈیفنس میں مکمل تعاون سے بھی اتفاق کیا ہے۔ مشرق وسطی میں جاری کشیدگی پر سعودی عرب اور فرانس نے اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا، جس میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے بڑھتے واقعات بھی شامل ہیں۔ حال ہی میں خادم حرمین شریفین نے عالمی قائدین سے اپیل کی تھی کہ وہ دہشت گردی کے خلاف سنجیدہ جدوجہد کریں۔ فرانس نے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔ شام کی صورت حا ل پر بھی دونوں ملکوں نے اپنی فکرمندی ظاہر کی۔