تہران۔ 21 نومبر (سیاست نیوز) ایران کے طاقتور ترین انقلابی گارڈ نے یروشلم میں مسجد اقصیٰ کو اسرائیلی قبضہ سے آزاد کرانے کی تمثیلی جنگی مشق منعقد کی۔ سرکاری میڈیا کی اطلاع کے مطابق اس تمثیلی جنگی مشق میں فوج نے مسجد اقصیٰ کے ایک ماڈل میں گھس کر اسے آزاد کرالیا۔ اس مشق میں جو جمعہ کو وسطی ایران کے خم شہر کے باہر منعقد ہوئی تھی ، 120 بریگیڈس نے حصہ لیا۔ اس علامتی کارروائی پر ہیلی کاپٹرس ، ڈرونس اور ٹوکانو طیاروں کے ذریعہ نظر رکھی جارہی تھی جنہوں نے دشمن کے ٹھکانوں پر بمباری کرتے ہوئے فوج کو مسجد اقصیٰ کے ماڈل میں گھسنے میں مدد کی۔ یہ ماڈل پہاڑ کی چوٹی پر قائم کیا گیا تھا۔ سرکاری تصاویر میں فوجیوں میں سے ایک کو گنبد پر چڑھ کر ایرانی پرچم اور ایک سرخ پرچم جو شہادت کی علامت ہے، لہراتے ہوئے دکھایا گیا۔