حیدرآباد۔5جنوری ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ تمام 10اضلاع کے مستقروں کو مربوط کرنے والی شاہراہوں کو ’’ فورلین‘‘شاہراہوں کے طور پر ترقی دینے کے اقدامات کرے گی ۔ ریاست تلنگانہ میں روڈ نیٹ ورک کو بڑے پیمانے پر ترقی دی جائے گی ۔ اس طرح روڈ نیٹ ورک میں ریاست تلنگانہ کو ملک کی منفرد پہلا مقام حاصل کرنے والی ریاست کا درجہ دلایا جائے گا ۔ آج یہاں وزیر عمارات و شوارع ریاست تلنگانہ مسٹر ٹی ناگیشور راؤ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ حکومت ہر گاؤں کیلئے بی ٹی روڈ تعمیر کرنے کے اقدامات کررہی ہے اور منڈل مستقروں کیلئے دو لین والی ڈبل روڈ کے طور پر ترقی دی جائے گی ۔ وزیرموصوف نے مزید کہا کہ مستقبل کو پیش نظر رکھتے ہوئے ضروریات کے مطابق دور اندیش اقدامات پر مبنی سڑکوں کی ترقی کیلئے پلان مرتب کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ریاست تلنگانہ میں ایک ہزار کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر کیلئے مرکزی حکومت سے منظوری دینے کی خواہش کرتے ہوئے جامع منصوبہ پر مشتمل رپورٹ پیش کی گئی ہے ۔ مسٹر ٹی ناگیشور راؤ نے اس توقع کا اظہار کیا کہ حکومت کی جانب سے مرکزی حکومت کو روانہ کردہ رپورٹ پر بہت جلد منظور ی حاصل ہوجائے گی۔