مستقبل کی منصوبہ بندی‘عمر اکمل کے کریئر پر سوالیہ نشان

لاہور ۔3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کیخلاف مجوزہ سیریز کیلئے پاکستانی کرکٹ سلیکشن کمیٹی نے اپنی منصوبہ بندی شروع کرتے ہوئے تینوں طرز کی ممکنہ ٹیمیں تیار کر لی ہیں اور ٹیم سے رخصت ہونے والے سینئر کھلاڑیوں مصباح الحق اور یونس خان کی جگہ نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا کا آغاز ہو گیا ہے ۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی مشاورت سے تینوں طرز کی کرکٹ کیلئے متوقع اسکواڈز کی تشکیل پر غور کے بعد 20 ۔20 کھلاڑیوں کا اعلان کیا جائے گا اور لاہور میں شروع ہونے والے تربیتی کیمپ کے دوران ان کی کارکردگی کو جانچ کر پندرہ رکنی حتمی ٹیمیں تیار کر لی جائیں گی۔مصباح الحق اور یونس خان کے متبادل حارث سہیل اور عثمان صلاح الدین سمیت متعدد نوجوان مرکز نگاہ بن گئے ،عمر اکمل کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا جبکہ فواد عالم پر غیر اعلانیہ پابندی برقرار ہے تاہم آف اسپنر بلال آصف پر بھروسہ کیا جارہا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان متحدہ عرب امارات میں دو ٹسٹ ،پانچ ونڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے سلیکشن کمیٹی نے اپنی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے اور اولین کوشش یہی ہے کہ سینئر کھلاڑیوں کی رخصتی کے بعد نئی صلاحیت سے ٹیم کو تقویت دی جائے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ساتھی سلیکٹرز توصیف احمد،وجاہت اللہ واسطی،وسیم حیدرکے علاوہ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور ڈائریکٹر کرکٹ ہارون رشید کی مشاورت سے مستقبل کا ایک ممکنہ خاکہ تیار کر لیا ہے۔