مستقبل میں دلتوں، خواتین اور مسلمان بااختیار بنیں گے : پنڈت رام کشن

بھرت پور، یکم اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام)سابق ممبر پارلیمنٹ اور معروف سماجی رہنما پنڈت رام کشن نے پیر کے روز کہا کہ آنے والی دہائیوں میں خواتین، دلت اور مسلمانوں کا با اختیار ہونا ایک حقیقت ہوگی۔مسٹر رام کشن نے یہاں یو این آئی کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ ‘ہم پسند کریں یا نہ کریں لیکن ایسا ہونے والا ہے ‘۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ برسو ں میں سیاست اور اقتدار میں خواتین، مسلمانوں اور دلتوں کی ترقی ہوگی۔انہوں نے مزید بتایا کہ ‘میں جو بھی کہہ رہا ہوں وہ سوشیالوجی کی بنیاد پر مبنی ہے ۔ اصل معاشرے کس طرح چلتا ہے ، یہ ایک سلسلہ ہے جو اوپر جاتا ہے ، اسے نیچے آنا پڑتا ہے اور یہ ایک حقیقت بھی ہے ۔ تاریخ اپنا کام کررہی ہے ‘۔بھرت پور حلقے سے سال 1977 میں ممبر پارلیمنٹ رہنے والے 92 سالہ رام کشن نے کہا کہ اس لئے میں کہتا ہوں کہ ہم اسے پسند کریں یا نہ کریں لیکن آنے والے وقت میں اقتدار خواتین، دلتوں اور مسلمانوں کے پاس ہوگا۔