مستقبل میں بارش کے نقصانات سے بچنے حکمت عملی تیار کی جائے

عہدیداروں کو وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کی ہدایت ۔ جائزہ اجلاس کا انعقاد
حیدرآباد۔4مئی (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے شہر میں گذشتہ یوم موسلا دھار بارش سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل میں اس طرح کے موسم میں بھاری نقصانات سے بچنے کی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت جاری کی۔ کے ٹی راما راؤ نے مئیر حیدرآباد مسٹر بی رام موہن راؤ ‘ مسٹر اروند کمار‘ مسٹردانا کشور‘ مسز بھارتی ہولیکیری کے علاوہ دیگر عہدیداروں کے ہمراہ اجلاس منعقد کرکے بارش کے نقصانات کا جائزہ لیا اور آئندہ اس طرح کے حالات پر قابو پانے حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت دی۔ عہدیداروں نے کے ٹی راما راؤ کو واقف کروایا کہ گذشتہ یوم بارش کے دوران جی ایچ ایم سی کی جانب سے ہنگامی حالات سے نمٹنے کس طرح کی کاروائی کی گئی اور بارش سے نقصانات سے نمٹنے کیا اقدامات کئے گئے ۔سیکریٹری بلدی نظم و مسٹر اروند کمار نے بلدی عہدیداروں کو اس بات کی تاکید کی کہ وہ شہر میں موجود تمام غیر مجاز ہورڈنگس ہٹانے کی کاروائی فوری مکمل کریں علاوہ ازیں جو بیانرس غیر مجاز طور پر لگائے جارہے ہیں انہیں نکالنے کے اقدامات کئے جائیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی بنیادی وجہ نالوں میں رکاوٹیں ہیں اور ان کو دورکرنے فوری اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ انہوں نے نالوں کی صفائی اور رکاوٹوں کو دور کرنے اقدامات کی رپورٹ پیش کرکے واقف کروایا کہ بعض مقامات پر نالوں میں موجود رکاوٹوں کو دور کرنے میں سیاسی مداخلت کی جا رہی ہے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے بتایا کہ حکومت حیدرآباد کو عالمی معیار کے شہروںکی صف میں لانے کے عہدکی پابند ہے اور اس کیلئے شہر میں معیاری بلدی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ ہنگامی حالات سے نمٹنے عصری سہولتوں کی دستیابی ناگزیر ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ نالوں میں فلیکس بیانرس اور دیگر کچرا پھنسنے کے سبب نالوں کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے اسی لئے نالوں کے قریب موجود کچرا دانوں کو ہٹانے کے علاوہ نالوں کی حصار بندی کیلئے اقدامات کئے جانے چاہئے کے ٹی آر کہا کہ حکومت سے درکار ہر منظوری ان کی وزارت کی جانب سے فراہم کی جائے گی لیکن صورتحال کو بہتر بنانے میں کسی بھی طرح کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔