مستقبل قریب میں تلنگانہ ملک کی ترقی یافتہ ریاست

انڈیا ۔ عرب فرینڈشپ فاؤنڈیشن کی سمٹ، وزیر فینانس ای راجندر و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔ 10 مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ مستقبل قریب میں ملک کی سب سے ترقی یافتہ ریاست بنے گی۔ ریاستی وزیر فینانس مسٹر ای راجندر نے آج انڈیا۔ عرب فرینڈشپ فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقدہ سمٹ حیدرآباد سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ ابتداء ہی سے صنعتوں کے فروغ کے ذریعہ معیشت کو مستحکم کرنے والی ریاست رہی ہے۔ انہوں نے نظام اسٹیٹ کا حوالہ دیتے ہوئے اس دور کی بھاری صنعتوں، نظام شوگر فیاکٹری، اعظم جاہی ملز اور دیگر صنعتی اداروں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ صنعتوں کے فروغ میں ریاست تلنگانہ نے جو منصوبہ تیار کیا ہے، وہ سرمایہ کاروں کیلئے بہترین موقع ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت تلنگانہ ریاست میں انفرمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم اور صنعتوں کے قیام کے سلسلے میں بہترین پالیسی تیار کئے ہوئے ہے اور مستقبل میں سابقہ نظام اسٹیٹ کی بھاری صنعتیں جو بند ہیں، ان کی کشادگی عمل میں لائی جائے گی۔ مسٹر ای راجندر نے بتایا کہ سوڈان کے ساتھ ہندوستان کے قدیم گہرے روابط رہے ہیں اور سوڈان زرعی میدان میں جس رفتار سے ترقی کررہا ہے، اس سے تلنگانہ بھرپور استفادہ کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے گا۔ ریاستی وزیر فینانس نے انڈو۔ سوڈان انویسٹمنٹ اینڈ بینکنگ سمٹ سے خطاب کے دوران کہا کہ ریاست تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ اس موقع پر ریاستی وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی، جناب محمد علی شبیر قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل ، ڈاکٹر حسن عیسیٰ الطالب سوڈانی سفیر برائے ہند، جناب یحییٰ عثمان علی ناصر ڈائریکٹر جنرل فائنانشیل مارکٹ سوڈان ، ڈاکٹر معاذن المسعودی انچارج آف مشن لیگ آف عرب ، جناب مسعود محمد احمد عبدالکریم ، صدرنشین سوڈانی بینکس یونین ، جناب عبدالرحمن حسن عبدالرحمن ہاشم گورنر سنٹرل بینک آف سوڈان ، جناب حسین یحییٰ جنگول الباشاہ، مسٹر کے پردیپ چندرا آئی اے ایس ، جناب خواجہ شاہد ، مسٹر اجئے مشرا آئی اے ایس ، جناب جابر پٹیل ، جناب صابر پٹیل ، جناب عتیق صدیقی خرم ، جناب دلاور پٹیل کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں صنعتوں کے فروغ کیلئے انڈسٹرئیل پارک قائم کیا جارہا ہے اور مختلف ممالک سے ریاست کے بہتر تعلقات کے ذریعہ ریاست معاشی طور پر مستحکم ہوتے ہوئے عوام کو فائدہ پہونچانے کا منصوبہ تیار کئے ہوئے ہے۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ صرف سرمایہ کاری کے حصول میں دلچسپی نہیں رکھتی بلکہ ریاست میں تہذیب کے تحفظ کے ساتھ ساتھ فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ سوڈان کے ساتھ بہتر روابط کے ذریعہ حکومت تلنگانہ سرمایہ کاروں اور بینک کاری نظام کو فروغ دینے میں مکمل تعاون کرے گی۔ جناب محمد علی شبیر نے کہا کہ ہند ۔ سوڈان تعلقات صدیوں پرانے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ ہندوستان کے مختلف کالجس میں تعلیم حاصل کررہے بیرونی طلبہ میں 7 فیصد کا تعلق سوڈان سے ہے۔ جناب محمد علی شبیر نے سابق میں ہند ۔ سوڈان قائدین کے دوروں اور معاہدوں کا تفصیلی تذکرہ کیا اور بتایا کہ سرمایہ کاری کے لئے تلنگانہ بہترین مقام ثابت ہوگا اور انفراسٹرکچر کی تیاری میں سوڈانی کمپنیوں کے لئے بہترین مواقع موجود ہیں۔ جناب عبدالرحمن حسن عبدالرحمن ہاشم گورنر سنٹرل بینک آف سوڈان نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران سوڈانی وفد کے دورہ کے مقاصد کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ سوڈانی وفد، ہندوستان بالخصوص تلنگانہ میں سرمایہ کاری و صنعتوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ بینک کاری نظام میں ترقی کا متمنی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ریاستی و مرکزی حکومتوں سے تعاون کی توقع کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ روابط و معاشی تعلقات میں مزید فروغ کی راہیں ہموار ہوسکتی ہیں۔ ابتداء میں جناب جابر پٹیل نے خیرمقدمی خطاب کیا۔