مستقبل قریب میں بی جے پی کی حالت مزید خراب ہوگی

پانچ ریاستوں کے نتائج کے بعد بی جے پی کے حالات آشکار ، ڈاکٹر کے نارائنا
حیدرآباد /12 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) قومی سکریٹری سی پی آئی ڈاکٹر کے نارائنا نے کہا کہ آئندہ آنے والے دنوں میں بی جے پی کے حالات انتہائی خراب رہیں گے اور گذشتہ دن ملک کی پانچ ریاستوں کے انتخابی نتائج کا اعلان ہی بی جے پی کے برے حالات کا واضح اشارہ ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت مرکزی حکومت نے ملک کے عوام کو دن میں خواب دکھائے لیکن عوام کیلئے کچھ نہیں کیا بلکہ ملک کے عوام کو صرف دھوکہ ہی دیا گیا اور جو تیقنات و وعدے کئے گئے تھے ان میں سے کسی ایک کو بھی پورا نہیں کیا گیا ۔ ڈاکٹر کے نارائنجا نے مرکزی حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں پر اپنی سخت برہمی کا ا ظہار کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کی جانب سے لائے گئے اصلاحات صرف کارپوریٹ شعبہ کیلئے ہی فائدہ مند ثابت ہوئے ۔ قومی سکریٹری سی پی آئی نے تلنگانہ میں بی جے پی کے موقف کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ دنوں میں بی جے پی کا وجود ہی نہیں رہے گا اور بی جے پی کے اب ابھرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوگا ۔ انہوں نے تلنگانہ میں زبردست اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے والے صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ مہا کوٹمی کی ناکامی کیلئے قومی صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو بھی برابر کے ذمہ دار ہیں اور عوامی نبض سے واقف ہونے میں مہا کوٹمی ناکام ثابت ہوئی ۔