حیدرآباد۔12۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ای راجندر نے قانون ساز کونسل کو یقین دلایا کہ حکومت دیپم اسکیم کے تحت کسی بھی مستحق خاندان کو ایل پی جی کنکشن سے محروم نہیں رکھے گی۔ پی سدھاکر ریڈی اور بی وینکٹیشورلو کے اس سوال پر وزیر فینانس نے کہا کہ حکومت اس اسکیم کے تحت تمام مستحق خاندانوں کا احاطہ کرنے کیلئے زائد بجٹ خرچ کرنے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت ابھی تک 19 لاکھ 84 ہزار 921 خاندانوں کو فائدہ ہوا۔ انہوں نے ارکان کو یقین دلایا کہ تلنگانہ میں کوئی بھی مستحق خاندان اس اسکیم کے فوائد سے محروم نہیں رہے گا ۔ وزیر فینانس نے ارکان کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں مستحق خاندانوں کی موجودگی سے متعلقہ ضلع کلکٹرس کو واقف کرائیں تاکہ انہیں اسکیم کے تحت شامل کیا جاسکے۔
ایم پی پیدا پلی ڈینگو بخار سے متاثر
حیدرآباد۔2 /1نومبر، ( سیاست نیوز) ضلع کریم نگر میں پیداپلی کے رکن پارلیمنٹ مسٹر بلکا سمن کو شدید بخار کی حالت میں یشودھا ہاسپٹل سکندرآباد میں شریک کروایا گیا ہے۔ ڈاکٹر وجئے کمار کی نگرانی میں طبی معائنے کروانے پر ڈینگو بخار سے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی اور فی الفور علاج کرنے پر حالت میں تبدیلی آئی ہے اور انہیں اب کوئی خطرہ نہیں ہے۔