مسافروں کو آرام دہ سفر کے لیے آر ٹی سی بس خدمات میں وسعت

مرحلہ وار ایرکنڈیشن بسس ، وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی
حیدرآباد /30 اگست ( سیاست نیوز ) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن تلنگانہ میں عوام کو بہتر و آرام دہ سفر کی سہولتوں کو وسعت دینے کے اقدامات کا آغاز کرچکا ہے ۔ ریاست کے مختلف مقامات تک ایرکنڈیشنڈ بسوں کی سہولتیں فراہم کرنے مرحلہ وار پروگرام شروع کیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں عوام کو بہتر و آرام دہ سفر کی سہولتیں فراہم کرکے ٹی ایس آر ٹی سی کو نفع بخش بنانے پر اولین ترجیح دی جارہی ہے ۔ نائب صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن مسٹر جی وی رمنا راؤ نے یہ بات بتائی اور کہا کہ حیدرآباد تا کریم نگر گوداوری کھنی کیلئے بہت جلد ایرکنڈیشنڈ ’’ وجرا منی بسیں‘‘ شروع کی جائیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں حیدرآباد تا ورنگل اور نظام آباد کیلئے ایرکنڈیشنڈ وجرا بسوں کا آغاز کردیا گیا ہے اور اب دوسرے مرحلہ کے تحت کریم نگر اور گوداوری کھنی کو وجرا منی بسیں چلائی جائیں گی ۔ نائب صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر ٹی ایس ار ٹی سی نے مزید بتایا کہ شہر میں واقع کوکٹ پلی ہاوزنگ کالونی اور دلسکھ نگر سے کریم نگر کیلئے اور میاد پور و دلسکھ نگر سے گوداوری کھنی کیلئے ایرکنڈیشنڈ وجرا منی بسیں شروع کی جائیں گی ۔ سابق کے مقابلہ فی الوقت ( موجودہ دنوں میں ) ٹی ایس ار ٹی سی کی کارکردگی کو فعال بنانے مقررہ اوقات کے مطابق بس سرویس کی مسافروں کو و سہولتیں فراہم کرنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کے ساتھ اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ جس کی وجہ سے ٹی ایس آر ٹی سی کی آمدنی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ علاوہ ازیں عوامی شکایت کا فوری جائزہ لیتے ہوئے ان شکایات کو ممکنہ طور پر یکسوئی کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ جس سے عوام کا تعاون حاصل ہو رہا ہے ۔