مساجد کے لاؤڈ اسپیکرس پر امتناع کی درخواست

نئی دہلی 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک غیر سرکاری تنظیم اکھنڈ بھارت مورچہ نے قومی گرین ٹریبیول میں گزشتہ روز ایک درخواست پیش کرتے ہوئے مساجد میں لاؤڈ اسپیکرس کے استعمال پر امتناع عائد کرنے پر زور دیا اور کہاکہ اس سے مبینہ طور پر صوتی آلودگی پیدا ہوتی ہے اور مرکز کے علاوہ دوسروں نے اس مسئلہ پر جواب طلب کیا ہے۔ ایڈوکیٹ راہول راج ملک کے ذریعہ یہ درخواست پیش کی تھی۔ جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ بعض مساجد 1986 کے تحفظ ماحولیات قانون انسداد صوتی آلودگی قواعد کی خلاف ورزی کررہی ہیں۔ نیشنل گرین ٹریبیول کے کارگذار صدرنشین جسٹس جواد رحیم کے زیرقیادت ایک بنچ نے دہلی میں آلودگی پر کنٹرول کرنے والے ادارہ سے اس ضمن میں قواعد کی خلاف ورزی کرنے والی عبادت گاہوں کے خلاف ضروری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔