مساجد میں تراویح کیساتھ رمضان المبارک کا آغاز

حیدرآباد 18 جون (سیاست نیوز) ماہ رمضان المبارک کا چاند نظر آتے ہی دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں روح پرور مناظر دیکھے گئے۔ مسلمان ایک دوسرے کو ماہ رمضان المبارک کی آمد کی خوشی میں مبارکباد دیتے دیکھے گئے۔ شہر کی مساجد میں خصوصی طور پر نماز تراویح کا اہتمام کیا گیا۔ تراویح سب سے بڑا اجتماع تاریخی مکہ مسجد میں دیکھا گیا جہاں نماز تراویح کی امامت حافظ محمد رضوان قریشی نے کی۔ اِسی طرح شہر کے بازاروں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ مساجد کے اطراف و اکناف آج صبح سے ہی بلدی عملہ کو صاف صفائی کرتے دیکھا گیا۔ علاوہ ازیں پرانے شہر کے کئی علاقوں میں آج محکمہ برقی کی جانب سے خصوصی مہم چلاتے ہوئے مرمتی کام انجام دیئے گئے تاکہ ماہ رمضان المبارک کے دوران برقی کے اضافی بوجھ سے نمٹا جاسکے۔ شہر کی دیگر مساجد بالخصوص شاہی مسجد باغ عامہ، مسجد حسینی وجئے نگر کالونی، مسجد عالمگیر شانتی نگر، مسجد ٹین پوش لال ٹیکری، موتی مسجد دِلّی دروازہ، جامع مسجد چوک، مسجد عامرہ عابڈس، مسجد عالیہ گن فاؤنڈری، مسجد حج ہاؤز نامپلی ، مسجد عزیزیہ ،مسجد شاداں وزارت رسول خاںکے علاوہ دیگر مساجد میں تراویح کے دوران کثیر اجتماعات دیکھے گئے۔ شہر کے مختلف مقامات پر تاجرین کے لئے تاخیر سے نماز تراویح کا اہتمام کیا جارہا ہے تاکہ وہ بہ سہولت نماز تراویح ادا کرسکیں۔ شہر کے تاجرین کو محکمہ پولیس کی جانب سے رات کے اوقات میں دکانات کھلی رکھنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور دونوں شہروں کے طعام خانوں میں سحر کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔