سری نگر ، یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کے دورئہ بھارت کے موقع پر اس اُمید کا اظہار کیا ہے کہ عالم اسلام کے ایک با اثر اور بھارت و پاکستان کے ساتھ یکساں دوستانہ تعلقات کے حامل ملک کے سربراہ ہونے کے ناطے مسٹر اردوغان اس خطے میں پچھلے کئی دہائیوں سے چلی آرہی بے چینی اور سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کے لئے اپنی کوششیں بروئے کار لائیں گے ۔میرواعظ نے ترکی کے صدر کے اس بیان کہ ‘وہ دونوں ممالک کے درمیان جامع مذاکراتی عمل کی بحالی میں اور مسئلہ کشمیر کے حل میں تعاون دینے کے لئے تیار ہیں’، کا خیر مقدم کیا ہے ۔انہوں نے کہا ‘مسٹر اردوغان اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مسئلہ کشمیر باہمی تعلقات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور چونکہ ترکی نہ صرف مسئلہ کشمیر کے حل کی ہمیشہ وکالت کرتا آیا ہے بلکہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں کشمیر رابطہ گروپ کا سرگرم ممبر بھی ہے ، لہٰذا اس حوالے سے ترکی مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے کشیدہ تعلقات میں بہتری آسکتی ہے ، کے حل کے لئے ایک فعال کردار ادا کرسکتا ہے ‘۔