مسئلہ کشمیر کی مستقل یکسوئی کیلئے ’مشرف فارمولہ‘ بہت خوب

سرینگر 8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کشمیر پر سابق پاکستانی حکمراں پرویز مشرف کے چار نکاتی فارمولہ کی وکالت کرتے ہوئے سابق بی جے پی رکن پارلیمنٹ و نامور قانون داں رام جیٹھ ملانی نے کہاکہ یہ دستاویز مسئلہ کشمیر کی مستقل یکسوئی کی اساس ہونی چاہئے۔ اُنھوں نے یہ بھی کہاکہ مشرف کی کوششوں کو ہندوستان نے مایوسی سے دوچار کردیا۔ 92 سالہ رام جیٹھ ملانی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پرویز مشرف ایک مستحکم اور نیک ارادوں کے ساتھ یہاں آئے تھے۔ ان کی تجویز مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کا بہترین حل تھی۔ یہ ایک لاجواب دستاویز ہے جو کشمیر کے مستقل حل کی بنیاد ہونی چاہئے۔ انھیں یہ کہنے میں کوئی عار محسوس نہیں ہوگا کہ مشرف کی کوششوں کو پاکستان نے نہیں بلکہ ہندوستان نے مایوسی سے دوچار کیا ہے۔ رام جیٹھ ملانی نے جو کشمیر کمیٹی کے صدرنشین بھی ہیں، دعویٰ کیاکہ مشرف کی تجویز میں اُنھوں نے چند تبدیلیاں کی ہیں اور اس کا مقصد یہ ہے کہ کشمیر کے دونوں طرف سیکولر جمہوریت ہونی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ کشمیر کے لئے طویل عرصہ سے کام کررہے ہیں اور پرویز مشرف اس سے واقف ہیں۔ اُنھوں نے اپنی تجویز ایک مشترکہ دوست کے ذریعہ روانہ کی۔ اُنھوں نے بحیثیت صدرنشین کشمیر کمیٹی اس تجویز میں بعض تبدیلیاں کی ہیں جسے مشرف نے قبول کرلیا۔ اس دستاویز کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ دونوں طرف ایک سیکولر جمہوری حکومت ہونی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایک کمیٹی ایسی اہم شخصیتوں پر مشتمل ہونی چاہئے جنھیں ہندوستان اور پاکستان تسلیم کرتے ہوں، وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان حکومتوں کے ذریعہ عوام کا استحصال نہ ہو۔ کشمیر کمیٹی 2002 ء میں قائم کی گئی اور اس نے علیحدگی پسندوں سے بھی بات کی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ علیحدگی پسندوں سے مسلسل ربط قائم کئے ہوئے ہیں اور ان میں کے تمام ’’پاکستانی ایجنٹس‘‘ نہیں ہیں۔ یہ ممکن ہے کہ کسی وقت وہ ’موافق پاکستان‘ رہے ہوں لیکن انھیں یہ کہتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ ان میں کی اکثریت ہندوستان کے ساتھ رہنا چاہتی ہے۔ چھترگام میں فوج کے ہاتھوں دو نوجوانوں کی ہلاکت پر رام جیٹھ ملانی نے کہاکہ اس واقعہ میں ملوث فوجیوں سے قانون کے مطابق نمٹا جانا چاہئے۔ اگر اُنھوں نے دانستہ طور پر ایسا کیا ہے تو اِنھیں انتہائی سخت سزا ملنی چاہئے ۔

کشمیر میں برف کا طوفان
2 فوجی جوان ایک شہری ہلاک
سرینگر ۔ 8 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول کے قریب ایک گشتی پارٹی پر برف کے طوفان کے باعث برفانی تودا گرپڑا ۔ جس میں دو فوجی جوان اور ایک شہری ہلاک ہوگئے ۔ جونیر کمشنڈ عہدیدار نے بتایا کہ اس حادثے میں دو سپاہی اور شہری ہلاک ہوئے دیگر زخمی بتائے گئے ہیں ۔۔