مسئلہ کشمیر پر ہر ایک سے بات کرنے تیار

ریاست میں دہشت گردی پاکستان کی اسپانسر کردہ : وزیر داخلہ
لکھنو 24 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت کشمیر مسئلہ پر ہر ایک سے بات چیت کیلئے تیار ہے ۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے یہ بات کہی ۔ یہ بیان پاکستان کے ساتھ وزرائے خارجہ سطح کی بات چیت کو منسوخ کرنے کے چند ہی دن بعد آیا ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے تاہم کہا کہ کشمیر میں دہشت گردی کو پاکستان اسپانسر کر رہا ہے ۔ انہوں نے یہاں ایک اجلاس کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ کشمیر مسئلہ کو حل کرلیا جائیگا ۔ ہم اس پرہر ایک سے بات چیت کیلے تیار ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جہاں تک کشمیر میں دہشت گردی کا سوال ہے تمام سکیوریٹی ایجنسیاں ایک دوسرے سے تعاون کرتے ہوئے کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی پاکستان کی اسپانسر کردہ ہے ۔ ہندوستان نے جمعہ کو ہی اعلان کیا کہ نیویارک میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کی ملاقات نہیں ہوگی جبکہ ایک دن قبل ہی دونوں ملکوں کے مابین اس بات چیت سے اتفاق کیا گیا تھا ۔ ہندوستان نے کشمیر میں تین پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے خلاف بات چیت سے انکار کیا ہے ۔ مرکزی حکومت نے ایک سال قبل ہی سابق ڈائرکٹر انٹلی جنس بیورو دنیشور شرما کو کشمیر میں تمام فریقین سے بات چیت کیلئے اپنا نمائندہ مقرر کیا تھا ۔ دنیشور شرما اب تک مختلف فریقین بشمول کئی گروپس ‘ سیول سوسائیٹی ارکان اور افراد سے بات چیت کرچکے ہیں۔ راج ناتھ سنگھ یہاں سنٹرل زون کونسل کے اجلاس میںشرکت کیلئے پہونچے تھے ۔