واشنگٹن، 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیر خارجہ ہلاری کلنٹن نے ایران پر نئی پابندیوں کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وقت ہے کہ سفارت کاری کو موقع دیا جائے۔ 2016 ء کے صدارتی انتخاب کی متوقع امیدوار نے اس سلسلے میں ڈیموکریٹ سینیٹرکارل لیون کو ایک خط میں کہا کہ ’’ سنجیدہ مذاکرات چل رہے ہیں، اس لئے کسی مستقل حل کیلئے ہمیں ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے‘‘۔ سینیٹر لیون نے یہ خط میڈیا کو جاری کر دیا ہے۔
سینیٹ کے 100 ارکان میں 59 نے ایران کیخلاف پابندیوں کے بل کی غیر رسمی حمایت کر رکھی ہے۔ ان حمایتیوں میں براک اوباما کی پارٹی کے 16 ڈیمو کریٹس بھی شامل ہیں۔ صدر اوباما نے اسٹیٹ آف یونین سے اپنے سالانہ خطاب میں کہا تھا کہ وہ اس طرح کی کسی قانون سازی کو ویٹو کر دیں گے۔ ہلاری نے کہا ’’ انہیں صدر اوباما کی طرح زیادہ امید نہیں ہے، لیکن اس کے باوجود وہ سمجھتی ہیں کہ سفارت کاری کو موقع دینا بہتر ہو گا‘‘۔ سابق وزیر خارجہ نے اپنے خط میں یہ بھی کہا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ جوہری مسئلے پر حتمی معاہدہ نہ ہوا تو پابندیاں لگانے کا یہ زیادہ اچھا موقع ہو گا اور عالمی حمایت بھی زیادہ ہو گی، جس سے پابندیوں کا نفاذ یقینی ہو گا۔