مزید 39 افراد سوائین فلو وائرس سے متاثر ‘ اموات کی تعداد 42 ہوگئی

حیدرآباد 12 فبروری ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ میں سوائین فلو کے39 تازہ معاملات کا پتہ چلا ہے جبکہ اس مرض کی وجہ سے جاریہ سال یکم جنوری سے اب تک فوت ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 42 ہوگی ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں یہ بات بتائی گئی ۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ جاریہ سال یکم جنوری سے 11 فبروری تک جملہ 2,885 افراد کے نمونوں کی جانچ کی گئی جن میں 946 افراد میں یہ عارضہ پایا گیا ۔ سوائین فلو اور اس کی پیچیدگیوں کی وجہ سے اب تک فوت ہونے والوں کی تعداد 42 رہی ہے ۔ کل ایک دن میں جملہ 134 افراد کے نمونے حاصل کرکے معائنے کئے گئے اور 39 افراد میں یہ وائرس پایا گیا ۔ حکومت کا ادعا ہے کہ گذشتہ چھ ایام کے دوران اس مرض سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں کمی آئی ہے ۔ تاہم شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اس سلسلہ میں احتیاط جاری رکھیں۔ وہ تیز بخار ‘ چھینک آنے ‘ کھانسی اور اعضا شکنی کی شکایت پر فوری دواخانہ سے رجوع ہوں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ دواخانوں میںاس مرض کے تدارک کیلئے ادویات اور ٹسٹنگ کٹس کا وافر ذخیرہ موجود ہے