چینائی۔/24جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) اب جبکہ سری لنکائی بحریہ کی جانب سے ہندوستانی مچھیروں کی گرفتاری کا سلسلہ بلا روک ٹوک جاری ہے جن میں مزید گیارہ مچھیروں کی تازہ گرفتاری عمل میں آئی ہے، وزیر اعلیٰ تملناڈو جیہ للیتا نے آج ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ وہ اس معاملہ کی یکسوئی کیلئے شخصی طور پر مداخلت کریں تاکہ جیل کی صعوبتیں جھیلنے والے مچھیروں کی عاجلانہ رہائی عمل میں آئے۔ نریندر مودی کو ایک اور مکتوب تحریر کرتے ہوئے ایک بار پھر انہوں نے کہا کہ انہیں یہ مکتوب تحریر کرتے ہوئے انتہائی برہمی پر قابو پاتے ہوئے یہ کہنا پڑرہا ہے کہ تازہ ترین واقعہ میں گیارہ مچھیروں کو ان کی تین کشتیوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے جن کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے آپ اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کریں۔