مزید چار نئے اضلاع پر جمعہ تک رپورٹ پیش کرنے کیشوراؤ کمیٹی کو ہدایت

نظام آباد، کریم نگر اور سدی پیٹ کو کمشنریٹس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ، ضلع یاداوری کو رچہ کنڈہ اور جنگاؤں کو ورنگل پولیس کمشنریٹس میں شامل کرنے کی تجویز
حیدرآباد 4 اکٹوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے آج وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اضلاع کی تنظیم جدید مزید 4 نئے اضلاع تشکیل دینے کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے 7 اکٹوبر تک رپورٹ پیش کردینے کی ڈاکٹر کے کیشو راؤ کو ہدایت دی۔ سدی پیٹ، نظام آباد اور کریم نگر کو پولیس کمشنریٹ میں تبدیل کرنے کی حکمت عملی تیار کرنے کی ڈی جی پی کو ہدایت دی۔ کیمپ آفس پر آج کے سی آر نے جائزہ اجلاس طلب کیا جس میں وزراء ہریش راؤ، کے ٹی آر، جگدیشور ریڈی، پوچارام سرینواس ریڈی، چیف سکریٹری راجیو شرما، ڈی جی پی انوراگ شرما کے علاوہ دوسرے عہدیداروں نے شرکت کی۔ مسودہ اعلامیہ میں جاری کردہ 17 نئے اضلاع کی فہرست میں مزید 4 نئے اضلاع جنگاؤں، سرسلہ، گدوال اور آصف آباد کی تشکیل پر غور و خوص کیا گیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ وہ دسہرہ کے موقع پر سدی پیٹ نے ضلع کے کام کاج کا آغاز کریں گے۔ انھوں نے پہلے دن سے ہی تمام اضلاع میں کلکٹرس اور ایس پیز کو کام شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے ڈی جی پی کو ہدایت دی کہ وہ سدی پیٹ کے ساتھ ساتھ کریم نگر اور نظام آباد میں پولیس کمشنریٹ قائم کرنے کے لئے منصوبہ بندی تیار کریں۔ اس کے علاوہ ضلع پاوادری کو راچہ کنڈا پولیس کمشنریٹ جنگاؤں ضلع میں ورنگل پولیس کمشنریٹ کے حدود میں شامل کرنے کی ہدایت دی۔ کے سی آر نے ضلع عادل آباد کے کاغذ نگر ضلع رنگاریڈی کے تانڈور ضلع محبوب نگر کے کلواکرتی کو ریونیو ڈیویژنس میں تبدیل کرنے کا مشورہ دیا۔ 4 نئے اضلاع کی تشکیل کا جائزہ لینے والے اعلیٰ سطحی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر کے کیشو راؤ کو ہدایت دی گئی کہ وہ متذکرہ اضلاع کے لئے عوامی مطالبات، اعتراضات، منڈلس اور ریونیو ڈیویژنس کی تشکیل اور شمولیت کے تعلق سے 7 اکٹوبر تک رپورٹ پیش کردیں۔ اس دورانتلنگانہ میں نئے اضلاع کی تشکیل کے سلسلہ میں ٹی آرایس کے رکن راجیہ سبھا کیشو راؤ کی قیادت میں اعلی اختیاری کمیٹی کی میٹنگ کیشو راؤ کی قیامگاہ پر منعقد ہوئی جس میں نلگنڈہ ضلع کے لیڈروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس میٹنگ میں نئے اضلاع اور منڈلوں کی تنظیم نو پر بات چیت کی گئی ۔ جنگاؤں ‘ سرسلہ ‘ گدوال ‘ آصف آباد اضلاع کے قیام کے سلسلہ میں کمیٹی مختلف امور کا تجزیہ کررہی ہے ۔اس کمیٹی کے ارکان میں نائب وزیر اعلی محمد محمود علی ‘ وزرا جگدیش ریڈی ‘ پوچارم سرینواس ریڈی ‘ جوگو رامنا بھی شامل ہیں ۔گزشتہ روز وزیر اعلی چندر شیکھر راؤ نے اس کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کیا تھا اور سات اکتوبر کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔انہوں نے ہنگامی میٹنگ منعقد کرتے ہوئے اس عمل میں تیزی پیدا کرنے کی بھی ہدایت دی ہے ۔ کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق چار نئے اضلاع کے قیام کے سلسلہ میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا ۔