نئی دہلی 20 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )مرکز نے آج فیصلہ کیا کہ مزید دو کوئلہ بلاکس منسوخ کردیئے جائیں،جس سے تاحال وقت مقررہ پر کام کی تکمیل نہ کئے جانے کی پاداش میں منسوخ شدہ کانوں کی تعداد 28 ہوگئی ہے۔ جھارکھنڈ کی ان کانوں کی منسوخی بین وزارتی گروپ کی سفارش کے پس منظر میں ہوئی ہے ،جس نے مختلف فارمس کو الاٹ کردہ متعدد کوئلہ بلاکس کو منسوخ کردینے کا مشورہ دیا ہے۔ ایسار پاور لمیٹیڈ کو الاٹ ان بلاکس کے تعلق سے وزارت کوئلہ نے کل فیصلہ کیا تھا۔
’’تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت‘‘
جنگی پور۔20 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے آج کہا کہ مقامی انرولمنٹ میں اضافہ کرتے ہوئے کالجس اور اسکولی سطح پر تعلیمی معیار کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مشیرآباد کیمپس کا افتتاح کرتے ہوئے صدرجمہوریہ نے کہا کہ لوگوں کو تعلیم کے ذریعہ ہی بااختیار بنایا جاسکتا ہے ۔ اس کیلئے ہمیں تعلیمی معیار سے سمجھوتہ کئے بغیر مقامی سطح پر باصلاحیت طلبہ کو موقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔
یٰسین بھٹکل اور قریبی ساتھی کے خلاف این آئی اے کا دوسرا فرد جرم
نئی دہلی ۔ 20 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) این آئی اے نے انڈین مجاہدین کے معاون بانی یٰسین بھٹکل اور ان کے قریبی ساتھی عبداللہ اختر کے خلاف ملک میں دہشت گرد کارروائیاں کرنے کی مبینہ سازش کے مقدمہ کے سلسلہ میں ایک اور فردجرم عدالت میں پیش کیا۔ ضمنی فردجرم ڈسٹرکٹ جج پی ایس مہتا کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ جج نے مقدمہ کی آئندہ سماعت 24 فبروری کو مقرر کرتے ہوئے آج کی پیشی ملتوی کردی۔