مزید جہیزکی عدم تکمیل پر خاتون کو زندہ جلادیا گیا

مظفر نگر۔/28اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام )یہاں پیش آئے ایک اندوہناک واقعہ میں ایک 35سالہ خاتون کو اس کے شوہر اور ساس نے جہیز کا مطالبہ کرتے ہوئے زندہ نذرِ آتش کردیا۔ پولیس نے آج یہ بات بتائی۔ مذکورہ خاتون کی نوتن کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے۔ پولیس نے کہا کہ مہلوک خاتون کے والد کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق نوتن کے شوہر سدھارتھ اور ساس چندر دیوی عرصہ دراز سے ان کی بیٹی کو جہیز کیلئے ہراساں کررہے تھے تاہم جب مذکورہ خاتون نے ان کے مطالبات کو پورا کرنے سے انکار کردیا تو اس کے شوہر اور ساس نے خاتون پر کیروسین ڈال کر اسے زندہ جلادیا۔اس معاملہ میں اس کے شوہر اور ساس کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔

بم دھماکہ میں آسام رائفل کے دو نوجوان ہلاک
امپھال۔/28اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) منی پور کے ضلع چندیل میں پیش آئے بم دھماکہ میں آسام رائفل سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر نوجوان زخمی ہوگئے ہیں۔ ایک طاقتور دھماکہ ہوا ہے۔ پولیس ذرائع نے آج یہ بات بتائی۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز یہ دھماکہ اس وقت پیش آیا جب یہاں سے 70 کلو میٹر دور اولڈ سومنال علاقہ میں تھرڈ آسام رائفل بٹالین کے نوجوان پٹرولنگ میں مصروف تھے۔ اس حادثہ کے بعد زخمی نوجوانوں کو یہاں سے 25کیلو میٹر دور لکانگ میں واقع آرمی ہاسپٹل منتقل کردیا گیا جبکہ مہلوک نوجوان کی نعش کو ریجنل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس اینڈ ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔