مزید تین اضلاع جنگاؤں‘ سرسلہ اور گدوال کی تشکیل

عوامی مطالبات پر چیف منسٹر کا فیصلہ ‘ منڈلس اور ڈیویژنس کا جائزہ لینے کمیٹی کا قیام
حیدرآباد۔3اکٹوبر ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے عوامی مطالبات کے تناظر میں مزید تین نئے اضلاع جنگاؤں‘ سرسلہ اور گدوال تشکیل دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے 3 اضلاع میں منڈلس اور ریونیو ڈیویژنس کی شمولیت کا جائزہ لینے کیلئے ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر کے کیشو راؤ کی قیادت میں ہائی پاور کمیٹی تشکیل دی اور دو تین دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے اضلاع کی تنظیم جدید کا جائزہ لینے کیلئے دو دن تک تلنگانہ کی نمائندگی کرنے والے ٹی آر ایس کے عوامی منتخب نمائندوں اور پارٹی سینئر قائدین کا اجلاس طلب کیا ۔ اجلاس میں جنگاوں‘ سرسلہ اور گدوال کو نئے اضلاع کی حیثیت سے تشکیل دینے کا جائزہ لینے کے بعد چیف منسٹر نے عوامی مطالبات کو قبول کرنے کا فیصلہ کیا ۔ سرسلہ‘ گدوال اور نگاوں کو اضلاع کا درجہ دینے کیلئے ان اضلاع میں شامل ہونے والے منڈلس اور ریونیو ڈیویژنس کا جائزہ لینے کیلئے ڈاکٹر کے کیشو راؤ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی اور کمیٹی کو 2یا 3دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ‘ ساتھ ہی اعلیٰ عہدیداروں کو ہائی پاور کمیٹی کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر کے اس فیصلہ کے بعد موجودہ دس اضلاع میں مزید 20نئے اضلاع کا اضافہ ہوگا ۔ اس طرح ضلع ورنگل کو پانچ اضلاع میں تقسیم کرتے ہوئے محبوب آباد ‘ جئے شنکر ‘ ورنگل ‘ ہنمکنڈہ ‘ جنگاؤںکی حیثیت سے تقسیم کیا جارہا ہے ۔ ضلع محبوب نگر کو تقسیم کرتے ہوئے 4اضلاع محبوب نگر ‘ ناگرکرنول ‘ ونپرتی ‘گدوال اضلاع تشکیل دیئے جارہے ہیں ۔ ضلع کریم نگر کو تقسیم کرتے ہوئے چار نئے اضلاع پداپلی ‘ جگتیال ‘ سرسلہ تشکیل دیئے جارہے ہیں ۔ ضلع عادل آباد کو تین نئے اضلاع میں تقسیم کرتے ہوئے عادل آباد ‘ نرمل ‘ کمرم بھیم تشکیل دیا جارہا ہے ۔ ضلع نلگنڈہ کو تین حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے یادادری ‘ سوریا پیٹ اور نلگنڈہ نئے اضلاع کی حیثیت سے تشکیل دیئے جارہے ہیں ۔ ضلع رنگاریڈی کو تین حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے شمس آباد ‘ ملکاجگری اور وقارآباد کو نئے اضلاع کی حیثیت سے تشکیل دیئے جارہے ہیں ۔ ضلع میدک کو تین حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے میدک ‘ سنگاریڈی ‘ سدی پیٹ کی حیثیت سے نئے اضلاع تشکیل دیئے جارہے ہیں ۔ ضلع نظام آباد کو دو حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے نظام آباد اور کاماریڈی کی حیثیت سے نئے اضلاع تشکیل دیئے جارہے ہیں ۔ ضلع کھمم کو دو حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے کھمم اور کتہ گوڑم کی حیثیت سے نئے اضلاع تشکیل دیئے جارہے ہیں اور شہر حیدرآباد کو جوں کا توں برقرار رکھا جارہا ہے ۔