مزیداصلاحات کا تیقن ‘جاریہ مالی سال بہتر ترقی متوقع

ڈی ایس پی کا آئندہ سال نفاذ ‘ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی کا بیان
ہانگ کانگ ۔21ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) توقع ہے کہ ہندوستانی معاشی ترقی بہتر ہوگی ‘ حالانکہ عالم گیر سطح پر حالات ناسازگار ہیں۔ حکومت کئی اصلاحی پروگرام جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے پُرزور انداز میں کہا کہ ہندوستان میں عالمی معیشت کے انعقاد کے باوجود جاریہ مالی سال میں شرح ترقی میں اضافہ متوقع ہے ۔ افراط زر پوری طرح قابو میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نمایاں تبدیلی آر ہی ہے اور اصلاحات کی مسلسل پیشرفت جاری ہے ۔ ریاستوں نے محسوس کرلیا ہے کہ انہیں ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنا ہے ۔ کئی شعبے بشمول دفاعی پیداوار غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے کھول دیئے گئے ہیں ۔ سب سے اہم اصلاحی اقدام ٹیکس اندازی کی اصلاحات ہیں ۔ علاوہ ازیں سرکاری کنٹراکٹس اور خریداری پر گہری نظر رکھی جارہی ہے ۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کو تیقن دیا کہ ٹیکس کے نظام میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہیں ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ جی ایس ٹی آئندہ سال نافذ العمل ہوجائے گا ۔ ایک سادہ اور مسابقتی عالمی ٹیکس اندازی نظام قائم ہوجائے گا ۔ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہاکہ اُن کی حکومت کو یقین ہے کہ نیا جی ایس ٹی نظام آئندہ مالی سال سے نافذ العمل ہوجائے گا ۔